قومی دارالحکومت دہلی مییں آج کسانوں کی ٹریکٹر پریڈ کے دوران پولیس اور کسانوں کے درمیان ہوئی جھڑپوں کے پیش نظر دہلی میٹرو نے اپنے متعدد اسٹیشنوں پر مسافروں کے داخلے اور باہر نکلنے کے لئے میٹرو کے دروازوں کو بند رکھا۔
دہلی میٹرو ریلوے کارپوریشن(ڈی ایم آر سی) نے اپنے ٹویٹر پر اطلاع دی کہ گرے لائن کے سبھی اسٹیشنوں پر داخلے اور باہر نکلنے کے دروازوں کو بند کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سمے پور بادلی، روہنی سیکٹر 18/19 ،حیدرپور بادلی موڑ، جہانگیر پوری، آدرش نگر، آزادپور،ماڈل ٹاؤن ،جی ٹی بی نگر، یونیورسٹی ،اسمبلی ،سیول لائنس اور اندرپرستھ میٹرو اسٹیشن پر مسافروں کو میٹرو اسٹیشن میں داخلے کرنے اور باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔
زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ دو مہینوں سے تحریک کرنے والے کسانوں کی مکربا چوک پر پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس نے آنسوں گیس کے گولے چھوڑے اور لاٹھی چارج کی۔ اس کے ساتھ اکشردھام کے پاس بھی کسانوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے پولیس نے آنسوں گیس کے گولے چھوڑے۔