نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے دہلی حکومت سے کووڈ۔19 وبا کے بحران سے دوچار غریب لوگوں کے کھاتے میں 7500 روپے براہ راست ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
چودھری انل نے جمعرات کو یہاں ریاستی دفتر میں منعقد ویڈیو کانفرنسنگ میں کورونا سپاہیوں کے لئے رسک الاؤنس دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے، کیونکہ یہ کرونا مریضوں کے علاج میں اپنی زندگی داؤ پر لگارہے ہیں۔
انہوں نے دہلی والوں کے بجلی، پانی کے بل، پروفیشنل بلوں پر فکس چارج سے چھوٹ اور اسکولی طالب علموں کی فیس میں دو مہینے کی چھوٹ دینے کا بھی مطالبہ کیا کیونکہ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کی آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے اور عام آدمی آج اس طرح کی رقم دینے کی حالت میں نہیں ہے۔
ریاستی صدر نے پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کی بات دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بھارت ماتا آج رو رہیں ہیں، ان کے بچے بغیر کھانے اور پانی کے سڑکوں پر چل رہے ہیں۔‘ اور جو لوگ ملک اور دہلی پر حکومت کررہے ہیں وہ ان کی حالت پر فکر مند تک نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں کووڈ۔19 وبا کے 51 دنوں کے لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا کے معاملے کے خاتمہ کا کوئی اشارہ نہیں ہے کیونکہ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 7998 کورونا کے مریض زیر علاج ہیں اور 106 لوگوں کی وائرس کی وجہ سے موت ہوچکی ہے۔