نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو ہریانہ کے ایم ایل اے گوپال کانڈا کو گیتیکا شرما خودکشی کیس میں بری کر دیا۔ راؤز ایونیو عدالت کے خصوصی جج وکاس ڈھل نے اس معاملے میں شریک ملزم ارونا چڈھا کو بھی بری کر دیا۔ جج نے دونوں ملزمان کو یہ کہتے ہوئے بری کر دیا کہ استغاثہ ان کے خلاف الزامات کی تصدیق کے لئے کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ سابق وزیر گوپال کانڈا فی الحال ہریانہ کی سرسا اسمبلی سیٹ سے ہریانہ لوک ہت پارٹی کے ایم ایل اے ہیں۔ وہ اسی پارٹی کے صدر بھی ہیں۔ گوپال کانڈا کی ایم ایل ڈی آر ایئرلائنس میں ایئرہوسٹس رہی 23 سالہ گیتیکا نے 4 اگست 2012 میں خودکشی کر لی تھی۔
موت سے پہلے لکھے گئے خط میں گیتیکا نے کانڈا اور ارونا چڈھا پر اسے ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔ وہ 5 اگست کو شمال مغربی دہلی کے اشوک وہار میں مردہ پائی گئی تھیں۔ گیتیکا کو گوپال کانڈا کی ایک کمپنی میں ڈائریکٹر بھی بنایا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ گیتیکا خودکشی کیس کے وقت گوپال کانڈا ہریانہ کی ہڈا حکومت میں وزیر داخلہ تھے۔ گوپال کانڈا نے آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر ہڈا حکومت کی حمایت کی، بدلے میں انہیں ہڈا حکومت میں وزیر داخلہ کا عہدہ ملا۔ گیتیکا خودکشی کیس میں نام آنے کے بعد گوپال کو اپنا وزارتی عہدہ چھوڑنا پڑا اور 18 ماہ تک تہاڑ جیل میں رہنا پڑا۔ اس کے بعد ضمانت مل گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Prabhat Gupta Murder Case مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی پربھات گپتا قتل کیس میں بری
واضح رہے کہ معاملہ 5 اگست 2012 کا ہے۔ 23 سالہ گیتیکا شرما نے دہلی کے اشوک وہار میں واقع اپنے فلیٹ میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی تھی۔گیتیکا ایم ڈی ایل آر ایئر لائن کی سابق ڈائریکٹر تھیں۔ یہ ایئر لائنز اب بند ہے۔ گیتیکا نے اپنے خودکشی نوٹ میں ہریانہ کے سابق وزیر گوپال کانڈا اور ایم ڈی ایل آر مینیجر ارونا چڈھا کو اپنی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ گیتیکا کے اہل خانہ نے اس خودکشی کے لیے ایم ڈی ایل آر ایئر لائنز کے مالک گوپال گوئل کنڈا پر الزام لگایا تھا۔