دہلی کی عوام کو حفاظت دینے والی پولیس آج اپنی حفاظت کے لیے دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج کر رہی ہے.
دہلی میں ایسا پہلی دفعہ دیکھنے کو ملا ہے کہ دہلی پولیس خود اپنے حقوق کے لیے دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج کر رہی ہے.
دراصل گذشتہ دنوں تیس ہزاری کورٹ میں ایک کار پارکنگ کی وجہ سے ہوئے تنازعہ کے بعد پولیس اور وکلاء کے درمیان ایک جنگ چھڑ گئی ہے جس میں دونوں ہی اپنا زور لگا رہے ہیں.
حالانکہ جس طرح سے ویڈیو سامنے آ رہے ہیں اس میں پولیس اور وکلاء دونوں ہی پر تشدد واقعات میں ملوث دکھ رہے ہیں.
پہلے تیس ہزاری کورٹ پھر کرکرڈوما کورٹ اور اب ساکیت کورٹ میں دہلی پولیس کے ساتھ ہاتھاپائی کی وارداتیں سامنے آئی ہیں جس سے پولیس اہلکار سخت برہمی کا اظہار کر رہے ہیں.
پولیس اہلکاروں کی مانگ ہے کہ سسپینڈ پولیس اہلکاروں کو بحال کیا جائے اور تشدد برپا کرنے والے وکلاء پر بھی کارروائی کی جائے اور ایک ایس آئی ٹی کمیٹی تشکیل دی جائے جو ملزمان کی شناخت کر سکے.