پولیس کمشنر نے جمعہ کو دہلی پولیس کی سالانہ کانفرنس میں کہا کہ شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فسادات میں پولیس نے تکنیکی مدد سے آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 755 ایف آئی آر درج کی۔
اس تشدد کی تحقیقات کے لئے کرائم برانچ کی تین ایس آئی ٹی تشکیل دی گئیں اور اسپیشل سیل کے ذریعہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ دہلی پولیس نے تشدد میں ملوث افراد کی شناخت کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد لی جس کی وجہ سے کامیابی بھی ملی۔ اس تشدد میں اب تک 1818 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی تشدد میں 53 افراد ہلاک اور 581 افراد زخمی ہوئے۔ پچھلے سال 24 اور 25 فروری کو ہونے والے فسادات کے دوران سب سے پُرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔ مجموعی طور سے 755 ایف آئی آر درج کی گئیں اور ہم نے یہ یقینی بنایا کہ کسی نے بھی شکایت نہیں کی کہ ان کے کیس کی سماعت نہیں ہوئی۔
ٹکنالوجی کے استعمال کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے مسٹر سریواستو نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر 231 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے 137 کی شناخت ایف آر ایس (چہرے کو شناخت کرنے والی ٹکنالوجی) کے توسط سے کی گئی تھی اور مجرمانہ ریکارڈ کا موازنہ کیا گیا تھا۔ باقی 94 صورتوں میں ڈرائیونگ لائسنس کی تصویروں کو تفتیش کے لئے استعمال کیا گیا۔