دارالحکومت دہلی میں جمعہ کے روز دہلی پولیس کی کرائم برانچ میں تعینات اے ایس آئی سنجیو کمار کی جی ٹی بی ہسپتال میں کورونا انفیکشن کے باعث موت ہو گئی۔ وہ گذشتہ چند روز سے یہاں کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
معلومات کے مطابق، 53 سالہ اے ایس آئی سنجیو کمار دہلی پولیس کی کرائم برانچ میں تعینات تھے۔ وہ فی الحال کرائم برانچ کے ایس او ایس 2 میں ڈیوٹی کر رہے تھے۔ کچھ دن پہلے جب ان کی طبیعت خراب ہوئی تو انہوں نے کورونا ٹیسٹ کرایا، جس میں ان کی رپورٹ مثبت آئی۔ اس کے بعد انہیں علاج کے لیے جی ٹی بی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ وہاں ان کی طبیعت ذیادہ خراب ہوئی تو انہیں ہسپتال کے وینٹیلیٹر پر رکھا گیا جہاں وہ جمعہ کے روز فوت ہو گئے۔ ان کے اہل خانہ کو اس واقعے کے بارے میں اطلاع دے دی گئی ہے۔
ابھی تک دہلی پولیس کے 600 سے زائد پولیس اہلکار کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے بہت سے پولیس اہلکار صحت یاب ہوچکے ہیں۔ لیکن جس طرح سے پولیس والے دن رات کورونا انفیکشن کے درمیان کام کر رہے ہیں، اس سے ان پر انفیکشن کا خطرہ بنا ہوا ہے۔ سینئر پولیس افسران بھی ان کو انفیکشن سے بچانے کے لیے مستقل کوشش کر رہے ہیں۔
اب تک آٹھ پولیس اہلکار کی کورونا وائرس سے موت ہو چکی ہے۔ جس میں سیلم پور پولیس اسٹیشن میں تعینات ایس آئی کرمویر، سیماپوری تھانے میں تعینات ہولدار اجے کمار، صفدرجنگ ہسپتال میں سپاہی راہل، مغربی دہلی میں تعینات ایس آئی رام لال بھورگڑے، سلطان پوری تھانے میں تعینات ایس آئی وکرم، فنگر پرنٹ ماہر اے ایس آئی شیشمنی پانڈے اور بھرت نگر پولیس اسٹیشن میں تعینات سپاہی امت رانا کی کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔