دہلی کے گووند پوری تھانہ علاقے میں واقع سی آر پی ایف کے پارلیمنٹ ڈیوٹی گروپ کیمپ میں تعینات کانسٹبل نے ہیڈ کانسٹیبل کو گولی مارکرزخمی کردیا تھا۔ ہیڈ کانسٹیبل کو زخمی حالت میں بترا اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران انہوں نے دم توڑ دیا۔
پولیس سے موصولہ معلومات کے مطابق دونوں جوان گووند پوری تھانہ علاقے کے سی آر پی ایف کیمپ میں رہتے ہیں۔ یہ کیمپ پارلیمنٹ کا ڈیوٹی گروپ ہے جس میں سی آر پی ایف کے جوان اور افسران رہتے ہیں۔ سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ منوج کمار نے پولیس کو بتایا کہ ملزم کانسٹیبل امن کمار نے ہیڈ کانسٹیبل وکیل سنگھ پر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:مشتبہ پاکستانی عسکریت پسند 14 دنوں کیلئے پولیس ریمانڈ میں
ہم آپ کو بتا دیں کہ ہیڈ کانسٹیبل کو زخمی حالت میں بترا اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ اسی دوران پولیس کو تحقیقات کے دوران کیمپ کے اندر 9 کھوکھے ملے ہیں، جس کے بعد پولیس نے کمانڈنٹ کے بیان پر مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس نے ملزم کانسٹیبل امن کمار کو گرفتار کرلیا ہے۔
دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ مقتول وکیل سنگھ اسے اکثر گالیاں دیتا تھا، اسی لیے اس نے یہ قدم اٹھایا۔ فی الحال پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پورے معاملے کی پولیس جانچ کر رہی ہے۔