دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو نمونیا ہوگیا ہے اور انہیں علاج کے لئے جمعہ کو جنوبی دہلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں لے جایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسٹر جین کی طبیعت خراب ہونے پر راجیو گاندھی اسپتال سے جنوبی دہلی میں ساکیت میں واقع میکس اسپتال لے جایاگیا ہے۔ مسٹر جین کا پلازما تھراپی سے علاج کیا جائے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کورونا سے متاثر دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی جلد صحت یابی کی تمنا کی ہے۔
کورونا وائرس سے متاثر مسٹر جین کو پھیپھڑوں میں انفیکشن بڑھ جانے کے بعد آکسیجن دی جارہی ہے۔
مسٹر شاہ نے جمعہ کو ٹوئیٹ کرکے مسٹر جین کی جلد صحت یابی کی تمنا کی۔
دوسری طرف، وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ مسٹر جین کے آخری سی ٹی اسکین میں، پھیپھڑوں میں نمونیا کے دھبوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر جین کو آج چکر آرہے تھے اور وہ بھی بہت تھکاوٹ محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جو مشورے دیں گے اس پر عمل کیا جائے گا۔
دریں اثنا، یہ بحث بھی جاری ہے کہ مسٹر جین کو پلازما تھراپی کے لئے کسی اور اسپتال میں منتقل کیا جاسکتا ہے۔
مسٹر جین کو تیز بخار اور سانس لینے میں اچانک تکلیف کے بعد پیر کی رات راجیو گاندھی سپر اسپیشلیٹی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
وزیر صحت کے دفتر نے جمعہ کے روز یہ اطلاع دی کہ پھیپھڑوں میں انفیکشن کی شکایت پر مسٹر جین کو آکسیجن پر رکھا گیا ہے۔
مسٹر جین میں بدھ کے روز کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس سے قبل منگل کو جانچ رپورٹ منفی آئی تھی۔