کورونا ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں دہلی پولیس نے لوکُش رام لیلا کمیٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس اس لیے درج کیا گیا ہے کیونکہ کمیٹی میں موجود لوگوں نے ماسک نہیں پہنا تھااور سماجی دوری کو نظرانداز کیا گیا تھا۔
شمالی ضلع کے ڈی سی پی ساگر سنگھ کلسی کا کہنا ہے کہ لوکُش رام لیلا کے کنوینرس نے پولیس کو یقین دلایا تھا کہ وہ کورونا کے سبھی ضابطوں پر عمل کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا جس کے بعد ہم نے کنوینرس کے خلاف دفعہ 188 (پابندی والے احکام کی خلاف ورزی) کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دہلی: غیرقانونی طور پر رہائش پذیر 5 نائجیریائی شہری گرفتار
یاد رہے کہ لوکُش رام لیلا دہلی کے لال قلعہ کی سب سے بڑی رام لیلا ہے، جسے کووڈ کے مناسب سلوک پر عمل کرنے کی شرط پر تقریباً 400 اشخاص کے ساتھ منعقد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ کہا گیا تھا کہ سبھی کو ماسک پہننا ضروری ہوگا اور لوگوں کی انٹری و ایگزٹ کے لیے الگ الگ دروازےلگانے ہوں گے۔
واضح رہے کہ دہلی میں کورونا ضابطوں کو لے کر گائیڈلائن جاری کرنے والے دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے راجدھانی میں رام لیلا اور دسہرا کے پروگرام منعقد کرنے کی اجازت کورونا کے ضابطوں پر عمل کرنے کی شرط پر دی ہے۔
گائیڈلائن میں کہا گیا ہے کہ پنڈال میں ناظرین کی تعداد سیٹ کے برابر ہونی چاہیے۔ انٹری اور ایگزٹ گیٹ الگ الگ ہونے چاہئیں۔ کنوینرس کو یہ یقینی کرنا ہوگا کہ لوگوں کی تعداد کل بیٹھنے کی صلاحیت سے زیادہ نہ ہو اور کوئی اسٹال یا میلہ نہیں لگایا جائے گا۔