اس بار کیجریوال حکومت نے ’دہلی کی دیوالی‘ ایک نئے انداز میں منائی۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی کابینہ اور دہلی والوں کے ساتھ تیاگراج اسٹیڈیم میں دیوالی پوجا کرکے 'بھگون رام' کا استقبال کیا۔
دہلی حکومت نے تیاگراج اسٹیڈیم میں رام مندر کا 30 فٹ بلند اور 80 فٹ چوڑا ماڈل بنایا تھا، جہاں وزیر اعلی نے اپنے تمام وزراء کے ساتھ مل کر پوجا کی۔ یہاں جھنڈے والان مندر کے پجاری نے رسومات کے ساتھ پوجا کی، جبکہ نامور گلوکارہ انورادھا پوڈوال نے بھجن اور گیتا چندرن نے گنیش وندنا پیش کی۔
تیاگراج اسٹیڈیم دیوالی کے موقع پر رام کے استقبال کے لیے رنگ برنگی روشنیوں میں نہایا ہوا تھا۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قیادت میں دہلی حکومت نے پچھلے سالوں کی طرح اس بار بھی بڑھتی ہوئی آلودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹاخوں سے پاک ’دہلی کی دیوالی‘ منانے کے لیے ایک نئے انداز میں تیاریاں کی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: Diwali 2021: وزیراعظم اور نائب صدر جمہوریہ نے دیوالی کی مبارکباد پیش کی
پورے اسٹیڈیم کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ اس ماڈل کے سامنے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی کابینہ کے ساتھ دیوالی کی پوجا کی۔ دیوالی پوجا کی تقریب میں کابینی وزراء گوپال رائے، ستیندر جین، کیلاش گہلوت، راجندر پال گوتم، عمران حسین، دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل اور دیگر معززین بشمول ایم ایل ایز نے شرکت کی۔ نامور گلوکارہ انورادھا پوڈوال نے بھجن گا کر آرتی کی۔
یو این آئی