امت شاہ نے دہلی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی دارالحکومت میں پانچ برس تک نریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بنائیں۔
انہوں نے دہلی کی عوام سے وعدہ کیا کہ دہلی کو دنیا کے خوبصورت شہر میں تبدیل کردیں گے۔
دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے آٹھ فروری کو ہونے والی پولنگ کے لیے مٹیالا اسمبلی سے بی جے پی کے انتخابی مہم کے آغاز کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ 'آپ کا ایک ایک ووٹ فیصلہ کرے گا کہ دہلی میں نریندر مودی کی قیادت میں کام کرنے والی حکومت چاہیے یا دھرنا مظاہرہ کرنے والی حکومت، واضح رہے کہ مٹیالا سے راجیش گہلوت بی جے پی کے امیدوار ہیں۔
امت شاہ نے کہا کہ 'پانچ برس قبل انتخابات کے وقت اروند کیجریوال کے وعدوں کے جھانسے میں آکر انہیں بڑی اکثریت دے دی گئی تھی، عام آدمی پارٹی وعدہ بھول گئی لیکن نہ ہم بھولے ہیں نہ دہلی کی عوام، انہوں نے کہا کہ 'اس بار ہم گمراہ ہونے والے نہیں ہیں، نہ تو دہلی میں ایک ہزار اسکول بنے نہ 20 کالج، نا ہی جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے نیز پانچ ہزار بسیں لانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن محض 300 بسیں ہی شروع کی گئی۔
وزیر داخلہ نے رائے دہندگان اپیل کی کہ وہ نریندر مودی کی قیادت کو ایک مرتبہ موقع دیں اس کے بعد آئندہ پانچ برس میں دہلی کو دنیا کے خوبصورت دارالحکومت کے زمرے میں لا کر کھڑا کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انا ہزارے کے لوک پال کی تحریک کی سیڑھی چڑھ کر وزیراعلی بنے اروند کیجریوال پانچ برس میں لوک پال کو بھول گئے، امت شاہ نے کہا کہ 'نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ مل کر گنگا کو صاف کرکے پورے ملک میں صاف پانی فراہم کر رہے ہیں لیکن گزشتہ پانچ برسوں میں جمنا ندی مزید گندی ہوئی ہے اور دہلی کے لوگ سب سے گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔
امت شاہ نے کشمیر میں دفعہ 370 کو ہٹانے کے سلسلے میں راہل گاندھی کے خون خرابہ کے انتباہ پر کہا کہ 'نریندر مودی نے یہ کام آرام سے کرکے دکھادیا۔