دارالحکومت نئی دہلی کے کناٹ پلیس کے مشہور ساؤتھ انڈین سروانا بھون ریسٹورنٹ کے کھانے میں ایک مری ہوئی چھپکلی ملی جس کے بعد یہاں کھانا کھانے آئے ایک شخص نے ریسٹورنٹ کے خلاف کیس درج کرایا ہے۔
دہلی کے فتح پوری علاقے کے رہنے والے پنکج اگروال اپنے دوستوں کے ساتھ کناٹ پلیس کے ساؤتھ انڈین ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے تھے، پنکج نے اس کی شکایت ریسٹورنٹ کے ملازمین سے بھی کی تھی جنھوں نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
تب پنکج نے پولیس میں اس کی تحریری شکایت درج کرائی اور اس کے بعد متاثرہ شخص نے اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔
پولیس نے بھی متعدد دفعات کے تحت ریسٹورنٹ کے خلاف کیس درج کرلیا ہے، دہلی پولیس نے ریسٹورنٹ کے سبھی باورچیوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ وہیں کھانا بنانے کے لیے استعمال کی جانے والی اشیائے خوردنی کی بھی تفصیلات ریسٹورنٹ کے مینیجر سے طلب کی گئی ہیں۔
شکایت کنندہ پنکج نے اس تعلق سے بتایا کہ ابھی بھی یہ ریسٹورنٹ جاری ہے اور لوگوں کو کھانا کھلایا جارہا ہے، اتنی لاپروائی سے کھانا بنانے والوں کے ہوٹل کو ابھی تک بند نہیں کیا گیا ہے۔