وزارت صحت کی آج کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 25 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے اور اس کے 562 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس متاثرین میں 519 بھارتی ہیں جبکہ 43 غیر ملکی شہری ہیں۔کورونا وائرس کے انفیکشن سے ملک بھر میں اب تک 10 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 41 افراد صحت مند ہو ئے ہیں۔
کورونا وائرس کے حوالہ سے پورے ملک میں منگل کی درمیانی شب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد تمل ناڈو میں بدھ کی صبح اس جان لیوا وائرس سے ایک شخص کی موت ہونے کے ساتھ ہی ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی۔
ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر سی وجئے بھاسکر نے ٹویٹ کر کے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مدرئی کے راجاجی سرکاری اسپتال میں آج علی الصبح کوروناوائرس سے متاثر 54 سالہ شخص کی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے اس مریض کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن اس کو بچایا نہیں جا سکا۔
قابل غور ہے کہ مہاراشٹر، کیرالہ، دہلی، کرناٹک، راجستھان، پنجاب، اتر پردیش، گجرات، تلنگانہ اور لداخ میں ابھی تک سب سے زیادہ وائرس کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ کورونا وائرس سے مہاراشٹر میں دو، دہلی، کرناٹک، بہار، گجرات، پنجاب،ہماچل پردےش، تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں ایک ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔