چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلنے والی مہلک وبا کورونا وائرس کو ایک برس سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں کورونا سے متعلق کیسز میں کمی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔
ملک کی دیگر ریاستوں کے علاوہ دارالحکومت دہلی میں بھی گذشتہ کچھ روز سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اموات کی تعداد میں بھی تیزی آئی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے دہلی کے جدید قبرستان کا جائزہ لیا اور کورونا سے مرنے والے افراد کے اعداد و شمار حاصل کیے جس سے یہ معلوم ہوا کہ گذشتہ کچھ روز سے روزانہ کورونا سے مرنے والوں کی لاشیں دفنانے کے لیے لائی جا رہی ہیں۔
گذشتہ ایک برس کے دوران دہلی کے جدید قبرستان میں نو سو تدفین عمل میں آ چکی ہے جبکہ گذشتہ 45 دنوں کے دوران پانچ جنازے ہی دہلی کے جدید قبرستان میں پہنچے تھے تاہم اب پھر سے کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی کے بعد گذشتہ چار دن میں ہی آٹھ افراد کی تدفین کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں دہلی کے جدید قبرستان میں مردوں کو دفنانے کے لیے جگہوں کی تنگی کی بھی خبر سامنے آئی تھی تاہم اب جب پھر سے کرونا اپنا قہر برسا رہا ہے تو انتظامیہ کو بھی اس سے خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔