نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ مودی حکومت نے ملک کو جھوٹ کے کلچر میں دھکیل دیا ہے اور اس نے 2022 تک عوام سے جو کام کرنے کا وعدہ کیا تھا ان میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوا۔ کانگریس کے ترجمان گورو ولبھ نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس حکومت نے عوام سے 2022 تک ہر غریب کو گھر فراہم کرنے، کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے، احمد آباد-ممبئی کے درمیان بلٹ ٹرین چلانے جیسے کئی وعدے کیے تھے لیکن ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔Congress Slams Modi for Not Fulfilling Promises
انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو کانگریس حکومت کی طرف سے کورونا کے دور میں بنائی گئی فوڈ سیکورٹی جیسی پالیسی کا فائدہ ہوا اور مودی حکومت اس قانون کی وجہ سے غریبوں کو مفت راشن فراہم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اسی طرح کانگریس کی قیادت والی حکومت نے غریب خاندانوں کو 100 دن کی ملازمت کی ضمانت دینے والا قانون پاس کیا تھا اور اس منریگا قانون نے ملک کے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی ہے۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ اب آزادی کے 75 سال منانے میں صرف دو دن رہ گئے ہیں۔ لگتا ہے وزیراعظم اس دن بہت اداس ہوں گے۔ اس اداسی کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مودی کا خواب تھا کہ 2022 میں جب ملک یوم آزادی منا رہا ہو تو ہر بھارتی کے پاس گھر ہوگا۔ وزیر اعظم کا خواب تھا کہ 2022 میں کسانوں کی آمدنی دوگنی ہو جائے گی، وہ بھی نہیں ہوا، 2022 میں احمد آباد اور ممبئی کے درمیان بلٹ ٹرین چلانے کا وزیر اعظم کا خواب بھی پورا نہیں ہو سکا۔ وہ یہ سب حالات دیکھ کر بہت دکھی ہوں گے۔
انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں پبلک سیکٹر کے بینکوں کے پانچ لاکھ 80 ہزار کروڑ روپے ڈوبے، اس پر پارلیمنٹ میں کب بحث ہوگی اور وزیر خزانہ اس بارے میں وائٹ پیپر کب لے کر آئیں گے۔ بینکوں کی اس ڈوبی ہوئی رقم کی تفصیلات کب ملک کے سامنے رکھیں گے۔
یو این آئی