منظور عالم نے ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے بعد ویکسین کے بارے میں پھیلی افواہوں کو نظر انداز کرنے اور ویکسین لگوانے کی اپیل کی ہے۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے کورونا پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ملی کونسل کے ناظم عمومی منظور عالم نے کہا کہ اگر شریعت کے نقطہ نظر سے بھی دیکھیں تو بھی اس ویکسین سے کوئی مضائقہ نہیں ہے بلکہ شریعت ہمیں حکم دیتی ہے کہ اپنی جانوں کو ہلاکتوں میں نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے ڈاکٹروں کی سخت محنت کے بعد اس ویکسین کو ہمارے تحفظ کے لیے تیار کیا ہے اس لئے ہمیں بھی حکومت کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ ہم بھی کورونا بیماری کے خاتمے میں معاون ثابت ہوں۔
ڈاکٹر عالم نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں حکومت ہند نے ڈاکٹروں کی مدد سے جو ویکسین تیار کی ہے اس ویکسین کا فائدہ سب کو اٹھانا چاہیے۔
منظور عالم نے ایسے لوگوں سے اپیل کی جو ویکسین کے نام پر مسلم سماج کو بدنام کر رہے ہیں وہ اس سے باز آئیں۔ڈاکٹر عالم نے بتایا کہ اس سے قبل بھی بھارت میں پولیو جیسی بہت سی بیماریاں آئیں لیکن ویکسین لگانے کے بعد اس کا جڑ سے خاتمہ کیا گیا ۔
اسی طرح کورونا کا بھی ویکسین لگایا جاسکتا ہے اور آنے والی تیسری لہر پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے لہذا، میں تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی باری آنے پر ویکسین ضرور لگوائیں۔