بیجنگ: چین نے میانمار کی سرحد سے ملحق اپنے روئلی شہر میں کورونا وائرس کے دو نئے معاملے سامنے آنے کے بعد منگل کو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے اور وہاں اس وائرس کی جانچ کا بڑے پیمانے پر پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق دونوں معاملے مغربی یوننان صوبہ کے روئلی شہر میں پائے گئے ہیں۔ مقامی افسران نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ”شہریوں کو گھر پر رہنے کے لئے کہا جارہا ہے اور پیر کی شام سے شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ شہر کے سبھی لوگوں کا کورونا ٹسٹ کیا جائے گا۔ یہاں 210000 سے زیادہ لوگ رہتے ہیں۔ شہر میں سپرمارکیٹ، فارمیسیوں اور کھانے پینے کے بازاروں کو چھوڑ کر دیگر سبھی تجارتی سرگرمیاں بند کردی گئی ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق روئلی اور دیگر کئی سرحدی علاقوں میں کورونا وبا سے لڑنے کے طریقوں اور بارڈر منیجمنٹ میں اضافہ کرنے کے لئے افسران جنگی پیمانے پر کوششیں کررہے ہیں۔