کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بھارت اور چین کے مابین ہونے والے تصادم کو لے کر 5 سوالات پوچھے ہیں۔
کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ ' سرحد پر چینی فوج نے ہمارے اعلی فوج کے افسران اور بہادر سپاہیوں کو جانی نقصان پہنچایا ہے۔ اس واقعے کے بعد پورا ملک غم و غصے میں ہے۔ لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اس معاملے پر خاموش ہیں۔'
اس معاملے میں کانگریس کی طرف سے 5 سوالات پوچھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'کانگریس کا پہلا سوال یہ ہے کہ 'گلوان وادی لداخ' میں ہمارے فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ بھارتی فوج کے افسران اور جوان شدید زخمی ہیں۔ اگر یہ معاملہ ہے تو پھر وزیر دفاع اور وزیر اعظم خاموش کیوں ہیں؟'
وہیں دوسرا سوال پوچھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'اپریل اور مئی 2020 کے بعد سے مسلسل یہ اطلاعات آرہی ہیں کہ لداخ میں تین مقامات پر چین نے بھارتی سرحد پر قبضہ کرلیا ہے۔ لیکن وزیر اعظم اور وزیر دفاع اس معاملے پر عوامی سطح پر بات کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم اور وزیر دفاع کو آکر جواب دینا چاہئے کہ کیا چین نے ہماری سرزمین پر قبضہ کیا ہے؟'
تیسرا سوال پوچھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'جب ہمارے فوجی کل رات ہی شہید ہوئے تو پھر آج سہ پہر کو معاملہ کیوں عام کیا گیا، کل رات کیوں نہیں کیا گیا؟'
چوتھا سوال انہوں نے کیا کہ ' وادی گالان میں چین نے اپنی فوج واپس ہٹا کر لائن آف ایکچینل پوزیشن پر جارہی تھی تو پھر ہماری افواج کے ساتھ تصادم کیسے ہو گیا؟
آخری سوال کرتے ہوئے رندیپ سرجے والا نے کہا کہ 'ملک کے وزیر اعظم کو یہ بتانا چاہئے کہ ایسے وقت میں حکومت اس سنگین صورتحال سے کیسے نمٹےگی۔ حکمت عملی کیا ہے؟'