کانگریس پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے کانگریس کے زیراقتدار ریاستوں کے وزیراعلیٰ سے نیٹ اور جے ای ای امتحانات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے آج میٹنگ منعقد کی ہے، لیکن اس میٹنگ میں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو مدعو نہیں کیا گیا۔
دہلینیٹ اور جے ای ای کے امتحان نے اب پوری طرح سیاسی شکل اختیار کرلی ہے، تاہم مرکزی حکومت امتحان کے انعقاد کے بارے میں اٹل ہے، اس کے ساتھ ہی حزب اختلاف کی جماعتیں بھی اس کے خلاف مستقل آواز بلند کررہی ہیں۔
اسی ضمن میں کانگریس کے عبوری صدر سونیا گاندھی نے اس معاملے پر تبادلہ خیال کے لیے دو بجے ملک کے تمام اپوزیشن وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کی ہے، جس میں دہلی کے وزیراعلیٰ مدعو نہیں کیے گئے ہیں۔
جب کہ عام آدمی پارٹی اور دہلی حکومت نیٹ اور جے ای ای امتحانات کے خلاف مستقل طور پر آواز اٹھارہی ہے اور مرکز سے اپیل کررہی ہے کہ وہ اس کا انعقاد نہ کرے۔
اسی ضمن میں جب دہلی کے نائب وزیراعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس ملاقات کی کوئی خبر نہیں ہے۔
خیال رہے کہ منیش سسودیا بھی مسلسل امتحان نہ کرائے جانے کی بات کرتے رہے ہیں، تاہم حال ہی میں آپ کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے بھی اس معاملے پر وزیرتعلیم کو ایک خط لکھا تھا۔
واضح رہے کہ این ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ nta.ac.in پر ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 'جے ای ای مین اور نیٹ یوجی امتحانات جو پہلے جولائی میں ہونے والے تھے۔ انہیں طلبا کی درخواست پر ستمبر کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا، اب طلبا کے تعلیمی مفاد کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہ امتحانات طے تاریخ میں ہی کرائے جائیں گے۔ یعنی جے ای ای مین کا ا داخلہ امتحان یکم ستمبر سے چھ ستمبر 2020 تک کیا جائے گا، جبکہ نیٹ یوجی 13 ستمبر 2020 کو ہوگا۔