دہلی کی ایک عدالت نے ایئرسیل ۔ میکسس کیس میں پیر کو کانگریس کے سینیئر رہنما پی چدمبرم اور ان کے بیٹے کارتی چدمبرم کی پیشگی ضمانت پر فیصلہ پانچ ستمبر تک کے لیے محفوظ رکھا ہے۔
سابق مرکزی وزیر چدمبرم اور ان کے بیٹے کے خلاف مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایئرسیل ۔ میکسس سودے میں بدعنوانی کا معاملہ درج کیا ہے۔
ساؤتھ ایوینیو میں واقع عدالت میں خصوصی جج او پی سینی نے دونوں تفتیسی ایجنسیز اور چدمبرم کی طرف سے دلائل سنے۔ دونوں ایجنسیز نے عدالت کی کارروائی کے دوران الزام لگایا کہ چدمبرم اور کارتی جانچ میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ جانچ ایجنسیز نے باپ بیٹے کی طرف سے دائر پیشگی ضمانت کی عرضیوں کی مخالفت کی۔
جانچ ایجنسیز کا کہنا تھا کہ 'چدمبرم نے ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت میں وزیر خزانہ رہتے ہوئے اپنے اختیار سے زیادہ ایئرسیل ۔ میکسس سودے کی اجازت دی جس سے کچھ لوگوں کو فائدہ ہوا۔'
دونوں تفتیشی ایجنسیز نے کہا کہ 'وہ باپ بیٹے کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہیں اور عدالت سے اس کی اجازت چاہتی ہیں۔'
ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کے ایم نٹراج نے عدالت کے سامنے کہا کہ 'وہ بند لفافے میں معاملے سے متعلق کچھ دستاویزات پیش کرنا چاہتے ہیں جن میں اس معاملے سے منسلک کچھ مزید ثبوت ہیں۔ دفاعی فریق کی طرف سے سینیئر وکیل کپل سبل اور ابھیشیک منو سنگھوی نے اس کی مخالفت کی۔
ای ڈی نے کہا کہ 'چدمبرم منی لانڈرنگ، فرضی کمپنیز کے قیام اور دیگر جرائم میں ملزم ہیں۔ تفتیشی ایجنسی کے پاس ایسے کئی ثبوت ہیں کہ چدمبرم اور ان کے بیٹے کارتی منی لانڈرنگ معاملہ میں ملوث رہے ہیں۔ یہ ثوت دونوں کو گرفتار کرنے کے لیے کافی ہیں۔'