اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس بل کو وقفہ سوال اور لنچ ٹائم میں ایوان میں پیش کرسکتے ہیں جبکہ بل میں بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان میں مذہب کی بنیاد پر اذیت کی وجہ سے ملک میں پناہ لینے والے غیرمسلموں کو ہندوستانی شہریت دینے کا التزام ہے۔
اصل اپوزیشن پارٹی کانگریس، ترنمول کانگریس کے ساتھ ساتھ آسام میں آل آسام اسٹوڈنٹ یونین اور شمال مشرقی ریاستوں کی مختلف پارٹیوں اور سماجی تنظیمیں بل کی زبردست مخالفت کررہے ہیں۔ سال 1985 میں ہوئے آسام معاہدے میں غیرقانونی طور سے رہنے والے غیرملکی افراد کی شناخت کے لیے 24 مارچ 1971 کی تاریخ طے کی گئی تھی۔
بل کی مخالفت کے درمیان مرکزی حکومت نے کہا تھا کہ اس بل میں سبھی متعلقہ فریقوں کے ساتھ ساتھ ’ہندوستان کے مفادات‘ کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ کابینہ کے ذریعہ بل کی منظوری دیے جانے کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاویڈکر نے نامہ نگاروں سے کہا تھا کہ ’’اس میں سبھی کا اور ’ہندوستان کے مفادات‘ کا خیال رکھا گیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلے 2014 میں اور پھر 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں اس بل کو پاس کرانے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ گزشتہ مرتبہ منظوری کے بعد لوک سبھا تحلیل ہونے کے ساتھ رد ہوگیا۔
نئے بل میں پاکستان، بنگلہ دیش میں مذہب کی بنیاد پر اذیت جھیلنے کی وجہ سے مجبورا یا پناہ لینے آئے ہندو، سکھ، بودھ، جین، پارسی اور عیسائی کو شہریت دینے کے لیے شہریت ایکٹ 1955 میں ترمیم کا التزام ہے۔
مرکزی حکومت اس بل پر عام رضامندی بنانے کی کوششوں میں ہے اور امت شاہ نے آسام کے وزیراعلی سروانند سونووال، اروناچل پردیش کے وزیراعلی پیما کھانڈو اور میگھالیہ کے وزیراعلی کون راڈ سنگما سمیت شمال مشرق کے سبھی متعلقہ فریقوں کے ساتھ اس معاملے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انر لائن پرمٹ قانون کے تحت آنے والے آدی واسی علاقوں اور آئین کی چھٹی فہرست کے تحت آنے والے علاقوں کو بل کے دائرے سے باہر رکھا جاسکتا ہے۔
گزشتہ ہفتہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے 12 غیر بی جے پی اراکین پارلیمان نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر شمال مشرقی ریاستوں کو اس بل کے دائر سے باہر رکھنے کی درخواست کی تھی۔
بی جے پی کا کہنا ہے کہ اس بل کا مقصد پڑوسی ممالک میں پریشان لوگوں کو پناہ دینے کی ’’ہندوستان کی روایت‘ کو آگے بڑھانا ہے۔ پارٹی کے سکریٹری جنرل رام مادھو نے کہا کہ یہ بل اذیت سے دوچار اقلیتی برادریوں کو دی گئی بی جے پی کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔