امام آرگنائزیشن آف انڈیا کے چیف امام عمیر الیاسی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران بتایا کہ شہریت قانون کے خلاف احتجاجیوں کے درد کا اظہار کرنے کےلیے مسلم دانشوران کا ایک وفد وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرے گا۔
امام عمیر الیاسی نے شہریت قانون سے اختلاف پر کوئی بات نہیں کہی تاہم انہوں نے متنازعہ قانون کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو جمہوریت سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی آواز کو وزیراعظم تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔
دلچسپ بات یہ رہی کہ امام عمیر نے پرتشدد احتجاج اور پولیس کی بربریت پر کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی حالات رونما ہورہے ہیں اس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔
عمیر الیاسی نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کچھ نہ کچھ حل نکلنے کی امید کا اظہار کیا۔
واضح ہو کہ عمیر الیاسی نے متنازعہ شہریت قانون کے خلاف ہورے کسی بھی مظاہرے شرکت نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے سی اے اے کے خلاف کوئی بیان جاری کیا۔