نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قومی مجلس عاملہ کی دو روزہ میٹنگ 16 جنوری (پیر) سے دارالحکومت کے نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔ اس اہم میٹنگ میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کی میعاد میں توسیع کی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ اسمبلی اور عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ قومی صدر کے طور پر جے پی نڈا کی تین سالہ میعاد اس مہینے ختم ہو رہی ہے۔ وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات تک پارٹی کی قیادت کر سکتے ہیں۔ پارٹی نے پیر کو قومی ایگزیکیٹو میٹنگ کے آغاز سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے پٹیل چوک سے نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کنونشن سینٹر تک روڈ شو کا اہتمام کیا ہے۔
روڈ شو کے بعد ایگزیکیٹو میٹنگ شام 4 بجے شروع ہوگی۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے اور اگلے دن وزیر اعظم مودی کے خطاب کے ساتھ اس کا اختتام ہوگا۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی صدر نڈا کے علاوہ پارٹی کی حکومت والی ریاستوں کے 12 وزرائے اعلیٰ اور پانچ نائب وزرائے اعلیٰ، 35 مرکزی وزراء، 17 ریاستوں میں پارٹی کے لیڈران سمیت تقریباً 350 لیڈران ایگزیکیٹو میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں سیاسی، معاشی اور سماجی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ ایگزیکٹو میٹنگ سے پہلے پیر کو صبح بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے قومی عہدیداروں، تمام ریاستوں کے صدور، وزراء اور تنظیم کے وزراء کی میٹنگ ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں ایگزیکیٹو ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ تاوڑے نے کہا کہ جگت پرکاش نڈا آج سہ پہر 3 بجے این ڈی ایم سی سینٹر میں نیشنل ایگزیکٹیو کے آغاز سے پہلے ایک نمائش کا افتتاح بھی کریں گے۔
تاوڑے نے کہا کہ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات، کمزور لوک سبھا سیٹوں کے لیے بی جے پی کے 'پرواس یوجنا' اور بوتھ لیول ٹیموں کو مضبوط کرنے پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرح سے یہ میٹنگ بی جے پی کی مستقبل کی حکمت عملی کو حتمی شکل دے گی۔ تاوڑے نے بتایا کہ ایگزیکیٹو میٹنگ میں مرکزی حکومت کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں بھارت کو 'وشوا گرو' کے طور پر بھی دکھائے گا۔ ایگزیکیٹو میٹنگ کا آغاز آج شام 4 بجے این ڈی ایم سی کنونشن سینٹر میں ہوگا۔ جس میں جے پی نڈا کا صدارتی خطاب ہوگا۔ تاوڑے نے بتایا کہ 17 جنوری کو شام 4 بجے وزیر اعظم کے خطاب کے ساتھ ایگزیکیٹو میٹنگ کا اختتام ہوگا۔ بی جے پی جنرل سکریٹری نے کہا کہ قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں کئی عصری موضوعات پر بات چیت کی جائے گی۔ اس میں کئی قراردادیں بھی پاس کی جائیں گی اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : PM Modi Flags Off Vande Bharat Express وندے بھارت ایکسپریس ٹرین ملک کے بدلتے مستقبل کی ایک مثال، وزیراعظم