پرینکا گاندھی واڈرا کا کہنا ہے کہ اقتصادی بحران کی خبروں سے ملک کےعوام فکرمند ہیں لیکن مودی حکومت اس بارے میں حیران کرنے والی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحران کی خبریں ہر روز آرہی ہیں لیکن حکومت اس کا کوئی پختہ حل نکالنے اور ملک کی عوام کو بھروسہ دلانے کے بجائے بہانے بازی کررہی ہے اور اس سلسلے میں اپنی کمزوریوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ہر روز بحران کی خبر اور ہر روز بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی اس پر خاموشی ،دونوں بہت خطرناک ہیں۔اس حکومت کے پاس نہ حل ہے نہ ملک کے عوام کو بھروسہ دلانے کی طاقت۔ صرف بہانے بازی،بیان بازی اور افواہیں پھیلانے سے کام نہیں چلے گا۔
پرینکا گاندھی بحران کے سلسلے میں کانگریس حکومت پر مسلسل طنز کررہی ہیں۔ کانگریس پاٹی کے دیگر رہنما بھی ایک کے بعد ایک اس مسئلے پر مودی حکومت کو گھیرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
حال ہی میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا تھا کہ ملک بڑے اقتصادی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے اور حکومت کو پارٹی کی سیاست سے نکل کر سب کے ساتھ غور و خوض کرکے اس کا حل نکالنا چاہئے۔