انیل بائجل نے وزیراعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیراعلی منیش سسودیا کی موجودگی میں منعقدہ میٹنگ میں تمام متعلقہ حکام کو صلاح دی کہ تمام مریضوں کی جان بچانے کے لیے ’گولڈن آور‘ کافی اہم ہوتا ہے۔ اس دوران ایمبولنس کا انتظام، مریضوں کو ہوم آئسولیشن سے اسپتال میں داخل کرنا، آئی سی یو اور آکسیجن و بیڈ کی دستیابی یقینی بنانا نہایت ضروری ہے۔
میٹنگ میں دہلی میں کورونا وبا کے پیش نظر بنیادی طبی ڈھانچہ، انسانی وسائل، کمیونٹی شراکت اور کووڈ۔19 کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
لیفٹننٹ گورنر نے دہرایا کہ صحت انتظامات میں تعاون اور گھر/کمیونٹی کیئر کے لیے کمیونٹی ریسارسز کو تربیت دی جانی چاہئے تاکہ اس کا استعمال کمونیٹی میں کورونا کی روک تھام کے لئے مریضوں کولانے اور لے جانے کے انتظامات اور لاشوں کی مناسب پروٹوکول کے تحت آخری رسومات اداکرنے میں مدد مل سکے۔
میٹنگ کی شروعات میں پرنسپل ہیلتھ سکریٹری ایس ایس یادو نے دہلی میں طبی سہولیات اور خدمات میں اضافہ اور انسانی وسائل کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کیا۔
دہلی میں مرنے والوں کی شرح 3.09 فیصد اور ریکوری شرح 71.73 فیصد ہے۔ کووڈ مریضوں کی تعداددگنا ہونے کی مدت 33.5 دن ہے جبکہ یومیہ دس لاکھ پر 33,868ٹیسٹنگ ہورہی ہے۔ کورونا کی روک تھام اور پھیلاو کو روکنے کے لئے دہلی میں چار جولائی 2020 تک مجموعی طورپر 456 کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں۔
لیفٹننٹ گورنر کو مطلع کیا گیا کہ راجدھانی دہلی میں تمام کی مشترکہ کوششوں سے گزشتہ پندرہ دنوں میں طبی سہولیات کے بنیادی ڈھانچہ میں کافی بہتری آئی ہے۔ اس وقت ڈیڈی کیٹڈ کووڈ اسپتالوں میں 15,301 کووڈ بیڈ، 10,155 آکسیجن سمیت بیڈ، 1852 آئی سی یو بیڈ اور 888 وینٹی لیٹر بیڈ دستیاب ہیں۔
دہلی میں اینٹی جن ٹیسٹنگ 18-06-2020 کو شروع کئے گئے ہیں تب سے 4 جولائی 2020 تک مجموعی طورپر 182022 ٹسٹ کئے جاچکے ہیں۔ ایمبولنسوں کی تعداد کے بارے میں بتایا گیا کہ ایمبولنس کی تعداد 337 سے بڑھا کر 602 ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں ریسپانس ٹائم 55 منٹ سے کم ہوکر 30 منٹ ہوچکا ہے۔