نئی دہلی: روہینی ضلع کی اسپیشل اسٹاف ٹیم نے سشیل پہلوان کا ساتھ دینے والے چار ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ چاروں کالا اسدا نیرج بوانیا گینگ کے لئے کام کرتے ہیں۔
روہین ضلع کی اسپیشل اسٹاف ٹیم نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم سشیل کمار پہلوان کے چار ساتھیوں کو دہلی کے کنجاؤلا سے گرفتار کیا ہے۔ یہ چاروں کالا اسودا گینگ اور نیرج بوانا گینگ کے لئے کام کر رہے ہیں۔
چاروں ملزمین کی شناخت بھوپیندر، مویت، گلاب اور منجیت کے طور پر ہوئی ہے۔ 4 مئی کو چھترسال اسٹیڈیم میں ساگر پہلوان کے قتل میں سشیل پہلوان کے ساتھ یہ چاروں بھی شامل تھے اور واردات کے بعد سے ہی فرار تھے۔
روہینی ضلع پولیس کو کامیابی ہاتھ لگی جب پولیس نے دیر رات کنجاولا علاقے سے ان چاروں کو پکڑ لیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ان لوگوں نے انکشاف کیا کہ 4 مئی یعنی واردات کے دن یہ لوگ چھترسال اسٹیڈیم پہنچے تھے۔ رات قریب 12 بجے دو گاڑیوں اسکارپیو اور بریزا میں سوار ہو کر یہ سبھی بدمعاش چھترسال اسٹیڈیم پہنچے اور ساگر کی جم کر پٹائی کی۔
پولیس کی گاڑی کا سائرن سن کر دونوں گاڑیاں چھوڑ کر یہ موقعہ واردات سے فرار ہو گئے۔ ایک ہتھیار بھی موقعہ واردات پر چھوٹ گیا۔ ان سبھی بدمعاشوں کے خلاف پہلے بھی کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں جس میں بھوپیندر پر نو، موہت پر پانچ، گلاب پر دو اور منجیت پر چار مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔
فی الحال چاروں ملزمین سے پولیس کی پوچھ گچھ مسلسل جاری ہے اور ان چاروں نے اقبال جرم بھی کر لیا ہے۔ اب پولیس اس پورے گینگ کو توڑنے میں مصروف ہے۔