محمد اسعداللہ نامی بزرگ گزشتہ 70 برسوں سے جامعہ سے وابستہ ہیں، وہ سنہ 1950 سے جامعہ سے جڑے ہوئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ملازمت کے سلسلے میں انھوں نے جامعہ کا رخ کیا تھا اور یہاں آکر انھوں نے اپنی تعلیم بھی مکمل کرلی۔
ایک لمبے عرصے تک جامعہ میں اپنی خدمات دینے کے بعد وہ سنہ 1992 میں اپنی ملازمت سے سبکدوش ہوگئے لیکن انھوں نے جامعہ کے ساتھ اپنا رشتہ استوار رکھا۔ وہ جامعہ میں منعقد ہونے والے سبھی پروگراموں میں دلچسپی سے حصہ لیتے رہے ہیں۔
محمد اسعداللہ کا کہنا ہے کہ جامعہ کی بنیاد رکھنے کا مقصد ہی یہاں تعلیم حاصل کرنے والوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں اچھا انسان بنانا بھی ہے اور قابل فخر بات یہ ہے جامعہ آج بھی اپنے اس نظریہ پر قائم ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ گزرتے وقت کے ساتھ جامعہ میں کافی تبدیلیاں وقوع پذیر ہوئی ہیں لیکن تعلیم کے معیار میں کسی قسکم کی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ آج بھی جامعہ کے طلبأ پوری دنیا میں پھیل کر مختلف شعبوں میں کامیابی کی سیڑھیاں چڑھ رہے ہیں۔