آئی بی اور را کے سابق سربراہ اے ایس دُلت جنہوں نے ہمیشہ کشمیر، اس کے ہنگامہ خیز ماضی اور وادی کے سیاسی حالات پر تجسس کا اظہار کیا ہے کا خیال ہے کہ اب پاکستان کا کشمیر میں کوئی کردار نہیں ہے جیسا کہ وہ اب کھیل سے باہر ہوچکا ہے۔ دُلت نے ای ٹی وی بھارت کے سوربھ شرما کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہاکہ کشمیر میں ظاہری طور پر علیحدگی پسندی ختم ہو گئی ہے لیکن "یہ اب بھی زندہ ہے اور بند کمروں میں پک رہی ہے"۔ را کے سابق سربراہ نے کہاکہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کی وجہ سے سیکولر اقدار کو نقصان پہنچا ہے اور 1980 کی دہائی کے بعد سے کشمیر پہلے جیسا نہیں رہا۔ وہیں پاکستان میں عدم استحکام اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ایک بار پھر سرگرم ہونے کی افواہوں اور اس کے بھارت پر اثرات سے متعلق دُلت نے کہا کہ میاں صاحب کے ساتھ بھارت کے ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔
انٹرویو کے اقتباسات:
ای ٹی وی بھارت: آپ، جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کو کس طرح دیکھتے ہیں، خاص طور پر آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد؟ کیا کوئی مثبت پیش رفت ہوئی ہے؟
اے ایس دُلت: ٹھیک ہے، سیاحت عروج پر ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کشمیری تاجروں کے لیے ایک بڑی مثبت پیش رفت ہے۔ سیکورٹی کے محاذ پر اس حقیقت کو ماننا پڑے گا کہ اب پاکستان کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔ آج بھی کشمیری یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا کوئی کردار باقی نہیں ہے۔ لہٰذا، میں یہ کہوں گا کہ علیحدگی پسندی میں کمی آئی ہے لیکن دہشت گردی میں کمی نہیں ہوئی۔ ہم پونچھ اور راجوری میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ دیکھ رہے ہیں جو باعث تشویش ہے۔ چلیں اس کو یوں کہہ لیں، علیحدگی پسندی ختم ہو گئی ہوگی لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ابھی تک زندہ ہے اور بند کوٹھریوں کے نیچے پک رہی ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ یہ کب پھٹے گا۔
ای ٹی وی بھارت: آپ کے ایک حالیہ مضمون میں، آپ دلیل دیتے ہیں کہ جماعت اسلامی کشمیر میں اپنی موجودگی بڑھا رہی ہے۔ آپ کیوں سوچتے ہیں کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد اس میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے حالانکہ وزارت داخلہ نے 2019 میں اس پر پابندی لگا دی تھی؟
دُلت: جماعت اسلامی کشمیر کی جڑوں میں گھس چکی ہے جو میرے لیے انتہائی تشویشناک ہے۔ کشمیر ہمیشہ سیکولرازم کا مینار رہا ہے لیکن عسکریت پسندی کے بعد انہی اصولوں کو بنیاد پرستی سے خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن، اس وقت اس پابندی کے باوجود جو وزارت داخلہ نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد لگائی تھی، اس نے جماعت کے سیاسی ہولڈ اور سپورٹ نیٹ ورک کے لحاظ سے زمین پر بہت کم اثر ڈالا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ آپ اس تنظیم کے اراکین کو تو روک سکتے ہیں لیکن اس کے ہمدردوں کو نہیں روک سکتے۔ 5 اگست کے بعد کی بیگانگی اور ناامیدی نے کشمیریوں کی نفسیات کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے اور انہیں ناامید کر دیا ہے اور اس ناامیدی اور بیگانگی نے جماعت اسلامی جیسی تنظیموں کو خطے میں اپنے قدم جمانے کی بنیاد فراہم کی ہے۔
ای ٹی وی بھارت: آپ نے کشمیر میں انتہائی ہنگامہ خیز وقت کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ آپ موجودہ صورتحال کو کس طرح دیکھتے ہیں خاص طور پر جب انتخابات کو بار بار ملتوی کیا جارہا ہے؟
دُلت: ناامیدی اور خاموشی ہے جو خطرناک ہے۔ ہمیں جمہوری عمل کی بحالی اور قبل از وقت انتخابات کی ضرورت ہے۔
ای ٹی وی بھارت: آپ نے اپنی آخری کتاب میں کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ زیادہ مذہبی ہو گئے ہیں، آپ ایسا کیوں سوچتے ہیں؟
دُلت: ڈاکٹر عبداللہ بوڑھے ہو گئے ہیں۔ جب 370 کی منسوخی کے بعد انہیں سات ماہ تک گھر میں نظر بند رکھا گیا تو اس کا ان پر بہت زیادہ اثر ہوا۔ کشمیر کی صورتحال، دہلی کے معاملات اور ان کی بڑھتی عمر ڈاکٹر عبداللہ کے زیادہ مذہبی ہونے کے پیچھے کے عوامل ہیں۔
ای ٹی وی بھارت: آپ نے وادی میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھی ہے۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ ڈاکٹر فاروق بی جے پی سے ہاتھ ملا سکتے ہیں؟
دُلت: مفتی سعید (سابق وزیراعلیٰ) اور ان کی بیٹی محبوبہ مفتی کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کے بعد ان کے لیے یہ بہت مشکل ہوگا۔ وہ بی جے پی کے ساتھ جانے کا سوچ سکتے ہیں لیکن ان کا دل کبھی اس کی اجازت نہیں دے گا۔ یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ وادی میں انتخابات کب کرائے جاتے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات سے پہلے یا لوک سبھا انتخابات کے بعد۔
ای ٹی وی بھارت: کیا کشمیر، بی جے پی کو ووٹ دے گا؟
دُلت: نہیں! کشمیری بی جے پی سے ناخوش ہیں اور شاید بی جے پی کو ووٹ نہ دیں۔ وہ جموں سے سیٹیں جیت سکتے ہیں لیکن وادی میں نہیں۔
ای ٹی وی بھارت: آپ نے کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے بیانات دیکھے ہوں گے۔ آپ اسے کس طرح دیکھتے ہیں۔
دُلت: میں اس بارے میں کچھ نہیں جانتا۔ لیکن ہاں، کشمیر میں ان کا انتخاب بہت غور و فکر اور ان پر اعتماد کے بعد ہی طے ہوا ہوگا۔ ستیہ پال ملک کی کشمیر میں تقرری میں NSA اجیت ڈوول کا ضرور ہاتھ تھا۔
ای ٹی وی بھارت: آپ مسٹر ڈوول سے آخری بار کب ملے تھے؟
دُلت: میں اسے اب بھی اپنا بہت اچھا دوست سمجھتا ہوں۔ ہم سب ایک ہی برادری سے ہیں۔ آخری بار میں نے اس سے ایک سال پہلے بات کی تھی اور اس کے بعد کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
ای ٹی وی بھارت: اور کیا آپ نے کبھی پی ایم مودی سے ملے ہیں؟
دُلت: را ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریب ہوئی اور پی ایم مودی نے تقریب سے خطاب کیا۔ جس چیز نے مجھے متاثر کیا وہ ان کے الفاظ تھے کہ ایجنسیوں کو لوگوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کی ضرورت ہے اور یہی میں نے کشمیر میں کیا۔ میں یہ بھی چاہتا تھا کہ کشمیری دہلی پر بھروسہ کریں۔
ای ٹی وی بھارت: کشمیر کا اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟
دُلت: ڈاکٹر فاروق عبداللہ جموں کشمیر کے سب سے قد آور لیڈر ہیں اور ان کی پارٹی وادی میں سب سے بڑی ہے۔ ڈاکٹر فاروق کے بیٹے عمر عبداللہ اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں۔
ای ٹی وی بھارت: آپ نے اپنی سروس انٹیلی جنس کے علاوہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ قریب سے کام کیا ہے۔ اٹل بہاری واجپائی کی بی جے پی کے مقابلے آج کی بی جے پی میں بنیادی فرق کیا ہے؟
دُلت: اٹل جی ایک شریف آدمی تھے اور واقعی بہت ہوشیار اور چالاک سیاست دان تھے۔ وہ اعتماد حاصل کرنا اور لوگوں کے دل جیتنا جانتا تھے۔ وہ اپنے مخالفین سے بھی بات کرنے میں کبھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے تھے۔ لیکن، پی ایم مودی بھی بہت ہوشیار اور چالاک سیاست دان ہیں اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے انہیں ووٹ دیا ہے۔ واجپائی کا دور کچھ اور تھا اور وہ دور چلا گیا۔
ای ٹی وی بھارت: آپ ہمیشہ میر واعظ عمر فاروق (جو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے نظر بند ہیں) کے کشمیر میں کردار کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ آپ انہیں سیاسی طور پر کہاں دیکھتے ہیں؟
دُلت: بڑا آدمی ہے۔ کوئی اسے نظر انداز نہیں کرسکتا۔ وہ بہت بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وہ پڑھے لکھے اور ماڈرن شخص ہیں لیکن کمزور بھی ہیں۔ ان کے خاندان نے ماضی میں تباہ کن ناکامیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔ کوئی اس حقیقت کو فراموش نہیں کرسکتا کہ ان کے والد کا قتل ہوا تھا۔ اگر دہلی چاہے تو وہ بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت: آپ بین الاقوامی میدان میں چین کے کردار کو کہاں دیکھتے ہیں، کیونکہ چین ایک اہم ثالث کے طور پر ابھر رہا ہے؟
دُلت: اس کی حیثیت بڑھ رہی ہے اور یہ ایک طاقتور ریاست بن چکی ہے۔ چین، سعودی اور ایران کو ایک ہی میز پر لانے میں کلیدی ثالث تھا جو مغربی ایشیا کی جغرافیائی سیاست کو بدل سکتا ہے۔ چین نے فلسطینی صدر کو بھی مدعو کیا ہے، اگرچہ مؤخر الذکر نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا لیکن اس سے بین الاقوامی ثالثی میں چین کے ابھرنے کی جھلک ملتی ہے۔ یہاں تک کہ، امریکہ کا خیال ہے کہ چین، روس اور یوکرین کے درمیان معاہدہ کرا سکتا ہے کیونکہ صدر شی جن پنگ کے روسی صدر پوتن کے ساتھ انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں۔
ای ٹی وی بھارت: بھارت چین تعلقات پر آپ کیا کہیں گے؟
دلت: ہمیں چین کے ساتھ مسلسل روابط رکھنے کی ضرورت ہے۔
ای ٹی وی بھارت: افواہیں ہیں کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف اگلے وزیراعظم ہوں گے۔ بھارت کے لیے کیا مضمرات ہیں؟
دُلت: ہندوستان کی حکومت واقعی 'میاں صاحب' سے خوش ہوگی۔ جب اٹل جی پی ایم تھے تو وہ لاہور گئے تھے اور پی ایم مودی بھی ان سے ملنے گئے تھے۔ نواز شریف کے ساتھ ہمارے ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں اور ان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔