کیجریوال نے مرکز کے فیصلے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ دہلی حکومت کے مسودہ کو ہی مرکزی حکومت نے منظوری دی ہے، مرکز ی حکومت کا عمل ختم ہوتے ہی اگلے ہی دن دہلی حکومت رجسٹری شروع کردے گی۔
عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے اس کے ساتھ ہی ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا کہ دہلی حکومت کی جدوجہدپر مرکزی حکومت نے مہر لگائی، ہم چاہتے ہیں کہ رجسٹر جلد شروع ہو۔
خیال رہے کہ مرکزی حکومت نے دیوالی سے پہلے دہلی کی غیرمصدقہ کالونیوں میں رہنے والے 40لاکھ لوگوں کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے بدھ کو یہاں کے باشندوں کو مالکانہ حق دینے کا اعلان کیا۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت والی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
شہری ترقیات کے وزیر ہردیپ پوری نے کابینہ میں دہلی کی غیرقانونی کالونیوں کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے 1797غیرمصدقہ کالونیوں میں رہنے و الوں کو فائدہ ہوگا۔ حکومت نے ان کالونیوں کی پہچان کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگلاتی زمین اور پوش کالونیوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلہ سے غیرقانونی کالونیوں میں رہنے والے چالیس لوگوں کے سرپر لٹکی تلوار ہٹ جائے گی۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی کے انتخابات اگلے برس کے شروع میں ہونے ہیں۔ دہلی اسمبلی میں گزشتہ تین انتخابات میں غیرقانونی کالونیوں کو ریگولرائز کرنا بڑا معاملہ رہا ہے۔
اس کابینی اجلاس میں بی ایس این ایل، پٹرولیم اور جی ایس ٹی سے متعلق بھی کئی اہم فیصلے لئے گئے۔
روی شنکر پرساد نے کہا کہ بی ایس این ایل اور ایم ٹی این ایل ملک کے قیمتی اور اہم اثاثے ہیں جس کی حکومت ہر حال میں حفاظت کریگی۔