نئی دہلی: حج بیت اللہ کے لیے عازمین حج کا طبی کیمپ گذشتہ5/اپریل سے مسلسل جاری ہے جو آئندہ14/اپریل تک ہفتے کے تمام دن بشمول اتوار اور سرکاری چھٹیوں کے دن بھی جاری رہے گا۔ اس ضمن میں آج گڈ فرائی ڈے کی سرکاری تعطیل کے باوجود میڈیکل جانچ کیمپ میں عازمین حج کو طبی سہولیات فراہم کرائی گئیں جبکہ تین دنوں میں اب تک پانچ سو سے زائد عازمین کو میڈیکل سرٹیفیکٹ جاری کیے گئے ہیں۔آج دہلی سرکار کے محکمہ صحت نے میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر ج محسن علی کے ساتھ میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا۔
گذشتہ دنوں حج کیمپ میں عازمین کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے بہتر سے بہترانتظامات کو یقینی بنایا اور اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ دنوں میں اور بھی سہولیات فراہم کرانے کی بھرپور کوشش جاری رہے گی۔ جس کے تحت امید کی جاتی ہے کہ دہلی سرکار اور ایم۔سی۔ڈی کی علاقائی ڈسپنسری، اسپتال اور محلہ کلنک میں بھی طبی جانچ شروع کی جاسکتی ہیں۔اس سلسلے میں حتمی اطلاع بعد میں فراہم کی جائے گی۔
آج سے ممبر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سعد کی کوششوں سے عازمین حج کو ایک ہی مقام پر ہر طرح کی جانچ اور ایکسرے اورای۔سی۔جی کی مشین بھی لگا دی گئی ہے اب عازمین حج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی (حج منزل) میں ان سبھی سہولیات کا بھی فائدہ رعایتی قیمتوں پر اٹھا سکیں گے۔ جبکہ سیلم پور اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ممبر عبدالرحمن اور اوکھلا اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کی کوششوں سے جگ پرویش اسپتال، شاستری پارک اور بٹلہ ہاؤس سرکاری ڈسپینسری میں بھی عازمین حج کی میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا خصوصی انتظام کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Haj 2023 حج اخراجات کی پہلی قسط جمع کرنے کی مدت میں توسیع
یو این آئی