دہلی میں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے 717 ویں عرس مبارکہ میں شرکت کی۔
حضرت خواجہ محبوب الہی کے عرس کے موقع پر درگاہ کے خدام کی جانب سے درگاہ شریف کو قمقموں اور خصوصی پنڈال لگاکر سجایا گیا۔ ویسے تو درگاہ حضرت نظام الدین کی نسبت سے ہمیشہ پرنور رہتی ہے۔ لیکن رات میں درگاہ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
اس پانچ روزہ عرس کے پہلے روز بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک اور فاتحہ خوانی سے عرس کی تقریب کا آغاز ہوا۔ اور بعد نماز مغرب نعت و منقبت نیز شجرہ کی خصوصی نشست اور عشاء کی نماز کے بعد مختصر وقت کے لیے محفل سماع کا انعقاد کیا گیا۔ جبکہ عرس کا حضرت علی کی فاتح خوانی کے ساتھ اِختتام پذیر ہوا۔
درگاہ کے چیف انچارج سید افسر علی نظامی نے بتایا کہ دنیا بھر میں کورونا کا قہر جاری ہے۔ اسی وجہ سے یہ برس گذشتہ برسوں سے قدرے مختلف ہے۔ ہر سال دنیا بھر سے عقیدت مند ِخواجہ کے عرس میں شامل ہونے آتے تھے۔ لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا نہ ہی قوالیوں کا دور جو رات بھر چلا کرتا تھا وہ چلا اور نہ درگاہ کے باہر لگنے والا میلا لگایا گیا۔
اس کے علاوہ زائرین کو زیادہ دیر درگاہ میں رکنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ محبوب الہی کے دربار سے ملک اور دنیا کی کورونا وائرس سے نجات کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں۔