امریندر سنگھ نے اجلاس میں کہا کہ کسانوں نے جمہوری ذرائع سے لڑی جانے والی مستقل لڑائی میں مثالی تحمل اور صبر کا مظاہرہ کیا ہے۔ دہلی میں یوم جمہوریہ پر ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ تمام فریقوں کا وفد وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا اور کسانوں کے مسائل سمیت دیگر امور ان کے سامنے پیش کرے گا۔
اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے بلائے جانے والے آل پارٹی اجلاس میں کیپٹن امریندر سنگھ نے لال قلعہ میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے ذمہ دار فریقین کی غفلت کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
عام آدمی پارٹی نے دہلی کی سرحد پر کسانوں کے تحفظ کے لئے پنجاب پولس تعینات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا اور وزیر اعلی نے ان مطالبے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ہم ریاستوں کے لئے مزید حقوق کی بات کرتے ہیں تو پھر ہم یہ کیسے کرسکتے ہیں۔ اگر ہماچل پردیش اور ہریانہ کی پولیس پنجاب آجائے تو آپ کیا کریں گے۔ دہلی کی سرحد پر تحفظ مہیا کروانے کے لئے عآپ (اے اے پی) دہلی میں اپنے وزیر اعلی کو مرکزی وزیر داخلہ سے اپیل کرنے کے لئے کہہ سکتے ہیں۔ ہم ایسا نہیں کرسکتے کیونکہ ایسا کرنا آئینی طور پر ممکن نہیں ہے۔