نئی دہلی: پے در پے چھاپہ ماری کے بعد مرکزی حکومت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی )پر پانچ سال کے لئے پابندی عائد کردی ہے۔ اس پابندی کے بعد دہلی میں پی ایف آئی کے آفس کے باہر اور مسلم اکثریتی علاقوں میں پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔ صبح سے ہی پی ایف آئی کے آفس کے باہر سکیورٹی اہلکار تعنات ہیں۔ Centre Bans PFI for Five Years
وہیں پی ایف آئی پر پابندی کے بعد مسلم کثریتی علاقہ خصوصاً شاہین باغ اور جامعہ نگر علاقہ میں پولس گشت کر رہی ہے۔ کل ہی دہلی پولیس نے جامعہ نگر علاقہ میں احتجاج کو دیکھتے ہوئے 60 دنوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دیا تھا اور ہر چھوٹی بڑی سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ این آئی اے کی اسپیشل ٹیم اور مقامی پولس نے کل علی الصبح پی ایف آئی اور ایس ڈی آئی پی سے منسلک لیڈران اور کارکنان کے گھروں جامعہ نگر اور شاہین باغ کے متعدد مقامات پر چھاپے مار کر درجنوں لیڈران اور کارکنان کو حراست میں لیا ہے۔
حراست میں لیے گئے لیڈران و کارکنان میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی ریاستی نائب صدر شاہین کوثر(بعد میں رہا کر دیا گیا)، سمیر خان، عبداللہ اور محمد شعیب کو شاہین باغ سے حراست میں لیا ہے۔ان کے علاوہ متعدد کارکنان کو جامعہ نگر کے الگ الگ علاقوں سے حراست میں لیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کی رات کی گئی کارروائی میں پی ایف آئی کے لیے 30 سےزائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں احتجاج کو دیکھتے ہوئے نیو فرینڈز کالونی اور جامعہ کے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ حکم کی خلاف ورزی پر سیکشن 188 سی آر پی سی کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔