قومی دارالحکومت دہلی میں واقعہ ملک کی معروف یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) میں ایک ایگزیکٹو کونسل (ای سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں داخلے کے حوالے سے کچھ اہم فیصلے لیے گئے۔
اسی کے ساتھ ہی اجلاس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رواں برس بھی داخلہ انٹرنس امتحان کی بنیاد پر ہوگا۔
اس فیصلے کے بعد میرٹ پر مبنی داخلے کے بارے میں قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں ہیں، تاہم داخلہ امتحان کب ہوگا، اس کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں تعلیمی سیشن 2020/21 میں داخلے کے لیے اندراج کا عمل ختم ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی سیشن 2020/21 میں طلباء کو صرف انٹرنس امتحان کے تحت داخلہ ملے گا۔
اسی کے ساتھ ہی رجسٹریشن کی تاریخ میں اضافہ کرنے کے لیے ایک سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا، جس میں طلبہ سے مارک شیٹ اپلوڈ کرنے کو کہا گیا تھا، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ داخلہ میرٹ کی بنیاد پر ہوسکتا ہے۔
لیکن اسی کے ساتھ اب ای سی اجلاس میں انٹرنس پر مبنی داخلے پر مہر ثبت کرنے کے بعد قیاس آرائیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔ اگرچہ اس وقت انٹرنس امتحانات کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ امتحان کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ جلد ہی فائنل سمسٹر سمیت متعدد کورسز کے امتحانی نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔
ای سی کے اجلاس میں کہا گیا کہ بیچلر آف فزیوتھیریپی، بیچلر آف ڈینٹل سرجری کے آخری برس کے طلباء کا امتحان کیمپس میں ہی لیا جائے گا یہ بھی بتایا گیا کہ اس سیشن میں جامعہ کے سکول میں داخلے کے لیے انٹرنس امتحان اکتوبر کے مہینے میں منعقد کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ جامعہ میں تعلیمی سیشن 2020/21 میں داخلے کے لیے اندراج کا عمل ختم ہوچکا ہے، تاہم اطلاع کے مطابق ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد طلباء نے داخلے کے لیے اپنی درخواست بھیجی ہے۔