نئی دہلی:جامعہ ملیہ اسلامیہ نے انسٹی ٹیوٹ آف سیکریٹریٹ ٹریننگ اینڈ مینجمنٹ (آئی ایس ٹی ایم) کے اشتراک سے یونیورسٹی کے اعلی عہدیداروں کے لیے پانچ روزہ انتظامی صلاحیت سازی کا تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام 20؍جون سے 24 جون تک جاری رہا۔ پروگرام کا مقصدفیکلٹی اراکین اور انتظامی اہل کاروں کی انتظامی صلاحیتوںکو فروغ اور مستعد کرنا تھا تاکہ یونیورسٹی میں کام کاج کے طریقہ کار میںمزید بہتر اور مؤثر ہوسکے۔
Conducting a Program for Teachers in Jamia Millia Islamia
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے اپنی افتتاحی تقریر میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور عہدیداروں کے لیے اس تربیتی پروگرام کی معنویت کو اجاگر کیا۔انھوں نے کہاکہ اساتذہ علمی کاموں میں بہتر ین ہیں لیکن اس طرح کی صلاحیت سازی کا کوئی تربیتی پروگرام جامعہ میں پہلی مرتبہ منعقدہورہاہے۔ اس تربیتی پروگرام سے انھیں انتظامی امور کو بہتر انداز میں انجام دینے میں اور قائدانہ کرداروں کو نبھانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پرپروفیسر انیس الرحمان،نوڈل آفیسر،ڈائریکٹر یو جی سی۔ایچ آرڈی سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مہمان خصوصی پروفیسر ناظم حسین الجعفری،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ ساتھ پروگرام میں شریک تمام مندوبین کا خیر مقدم کیا،پروفیسر ناظم حسین الجعفری،مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اظہار تشکر کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پزیر ہوا۔انھوں نے شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاکہ انھوں نے یونیورسٹی عہدیداروں کی تربیت کے لیے نئی پہل کی ہے۔
پانچ دن کے پروگرام کے دوران آئی ایس ٹی ایم سے ر نجن کمار،پروفیسر ایل۔آر۔اگروال، ارون گور، کے۔کے۔پنت، راجیو کے۔جھا نے تادیبی کاروائی،انکوائری اور جرمانہ کیسے عائد کیا جائے،خریداری کی کاروائی اور قانونی معاملات سے متعلق مختلف امور پر شرکا سے بات چیت کی۔
ڈپارٹمنٹ آف پرسنل اینڈ ٹریننگ،گورنمنٹ آف انڈیا کے تحت آئی ایس ٹی ایم ایک اعلی ادارہ ہے جسے مرکزی حکومت کے عہدیداروں اور مرکزی حکومت میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے اہل کاروں کی صلاحیت سازی اور تربیت کی ذمہ دارے سونپی گئی ہے۔ تربیت کاروں کی تربیت اور قومی و بین الاقوامی ٹرنیر کورسیز کے میدان میں یہ ایک سرکردہ ادارہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئی اے ایس، آئی ای ایس،آئی ایف ایس اور آئی سی ایل ایس جیسی باقاعدہ ملازمتوں کے پروبیشنرز بھی آئی ایس ٹی ایم کے تربیتی پروگراموں میں شریک ہوتے ہیں