کانگریس کے ترجمان راجیو تیاگی نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں کو بتایا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلی نے چنمیانند کو پناہ دے رکھی ہے اور ان کی وجہ سے وہ اسپتال میں لطف اندوز ہورہے ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے پوچھا کہ کیا اس طرح بیٹیوں کے درندوں کو بچایاجا نا مناسب ہے؟
انہوں نے کہا کہ چنمیانند کے خلاف لگائے گئے الزامات کے معاملے میں کافی ثبوت موجود ہیں ،اس کے باوجود ان کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔
اس کے برعکس ، عصمت دری کی شکار لڑکی کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
متاثرہ لڑکی عدالت سے راحت کی مانگ کرتی اس سے پہلے ان کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس سے واضح ہے کہ حکومت عصمت دری کا شکار لڑکی کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے۔
ترجمان نے یہ بھی الزام لگایا کہ اترپردیش حکومت مجرموں کو تحفظ فراہم کررہی ہے اور اسی تحفظ کی وجہ سے مجرم وہاں آزاد گھوم رہے ہیں۔
ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم کا سیلاب ہے اور حکومت اس طرف توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تشویش کا موضوع ہے۔