نئی دہلی: لوک سبھا نے جمعرات کو پنجاب کے جالندھر پارلیمانی حلقہ سے منتخب ہونے والے عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سشیل کمار رنکو کو مانسون کے موجودہ اجلاس کی بقیہ مدت کے لیے وقار کے خلاف برتاؤ کے الزام میں ایوان سے معطل کر دیا۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے عام آدمی پارٹی کے رکن رنکو کی جانب سے قومی دارالحکومت علاقہ دہلی کی حکومت (ترمیمی) بل 2023 کو صوتی ووٹ سے منظور کرانے کے عمل کے دوران بل کی ایک کاپی ایوان کے وسط میں پھینکنے پر شدید اعتراض کیا۔ لوک سبھا کو سیشن کی بقیہ مدت کے لیے معطل کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
اسپیکر اوم برلا نے رکن کے اس طرز عمل کو قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر سے اس سلسلے میں ایک تجویز لانے کو کہا تو پرہلاد جوشی نے رول 374 کے تحت رنکو کو بقیہ اجلاس کے لیے معطل کرنے کی تجویز پیش کی جسے ایوان کی طرف سے صوتی ووٹ کے ذریعے منظور کر لیا گیا۔ اس کے بعد اسپیکر نے رنکو کو بقیہ اجلاس کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
قبل ازیں جب وزیر داخلہ اس بل کو پاس کرانے کے لیے ایوان میں پیش کرتے ہوئے اس کے مقاصد کی وضاحت کر رہے تھے، تو رکن پارلیمان رنکو اس دوران بھی کئی بار ہنگامہ برپا کرتے رہے۔ اسپیکر اوم برلا نے اس وقت بھی انہیں خاموش رہنے کو کہا تھا اور انہیں ایوان کے وقار کے مطابق برتاؤ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ (یو این آئی)