قومی دارالحکومت دہلی میں بڑھتی آلودگی کو لیکر عآم آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی آتشی نے کہا کہ دارالحکومت میں ہر برس بڑھتی آلودگی کے مسئلے کو مرکز کے ذریعہ بنائے گئے ایئر کوالٹی کمیشن کے سامنے رکھا گیا ہے۔ جس کے بارے میں ہمیں کمیشن کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ یہ مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔
آتشی نے کہا کہ ہم نے کمیشن کے سامنے دو مسائل رکھے ہیں۔ پہلا مسئلہ یہ ہے کہ پنجاب و ہریانہ میں پرالی جلائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی گیس کے چیمبر میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ملک کی پہلی کارپوریٹ ٹرین تیجس کا آپریشن آج سے بند
دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ پوسا انسٹی ٹیوٹ نے پرالی جلانے کا حل ڈھونڈ لیا ہے۔ جسے دہلی حکومت نے بھی استعمال کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ایئر کوالٹی کمیشن پنجاب و ہریانہ کی حکومتوں کو بھی یہ حکم دے کہ وہ پوسا انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ پرالی سے نمٹنے کے لیے جو طریقہ کار تلاش کیا گیا ہے اس کا استعمال کرے۔
آتشی نے کہا کہ کمیشن سے شکایت کی گئی ہے کہ پنجاب اور ہریانہ کے وزرائے اعلی کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے کیونکہ انہوں نے پرالی جلانے کے مسئلے کو لیکر کوئی ٹھوس حل نہیں نکالا اور لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔
رکن اسمبلی آتشی نے کہا کہ کمیشن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔ یہاں تک کہ کوئی بھی جو ماحول کو آلودہ کرتا ہے اس کے خلاف 5 سال تک کی سزا کا بھی بندوبست ہے۔
آتشی نے مزید کہا کہ ایئر کوالٹی کمیشن کی جانب سے ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ ان مسائل کا مطالعہ کریں گے اور انہوں نے پوسا انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ میٹنگ رکھی ہے۔ جلد ہی پوسا انسٹی ٹیوٹ کے لوگوں سے ملاقات کی جائے گی اور پرالی کے مسئلے کو لیکر ایک حل نکالا جائے گا۔
ماحولیاتی کمیٹی کی چیئرمین اور کالکاجی سے عآپ کی رکن اسمبلی آتشی نے آج ایئر کوالٹی کمیشن سے ملاقات کی۔ اس دوران، جنگ پورہ سے رکن اسمبلی پروین کمار اور دیولی کے رکن اسمبلی پرکاش جروال بھی موجود تھے۔