دہلی میں منجو گوئیل نامی خاتون پر چوری کا الزام عائد کرکے اسے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق منجو کی عمر تقریبا 44 برس کی بتائی جارہی ہے جو کہ ایک بیوہ خاتون ہے۔
مہرولی علاقے میں مکان مالک نے اپنے پورے خاندان کے ساتھ خاتون کیرایہ دار کو اتنی پٹائی کی کہ اس کی موت واقع ہوگئی۔ وہیں مہرولی تھانے میں اس وحشتیانہ قتل پر مقدمہ درج کرکے پانچ ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
منجو کے بھائی دہلی کے مشہور جیندل کیٹرر کے مالک ہیں۔بھائیوں کے کہنے کے بعد بھی منجو کسی سے مدد نہیں لیتی تھی اور مہرولی کے ایک کرائے کے گھر میں اکیلی رہتی تھی اور دوسروں کے گھروں میں کھانا بناکر اپنا گزارہ کررہی تھی ۔
لیکن گزشتہ روز منجو کے مکان مالک نے چوری کے الزام میں اس کی بری طریقے سے پٹائی کردی۔مہرولی میں ہی منجو کا پرائمری علاج ہوا لیکن اندرونی چوٹ کافی زیادہ تھی جس کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔
اس معاملے پر منجو کے بھائی نے مہرولی تھانہ میں شکایت درج کردی ہے۔جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 302 کا مقدمہ درج کیا اور مکان مالک ستیش پاوا اور اس کی بیوی سروج پاوا، ان کے بیٹے پنکج پاوا، پنکج کی بیوی دیپیکا پاوا اور نوکرانی کملیش کو گرفتار کیا ہے۔
فی الحال منجو کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ایمس کے ٹراما سینٹر بھیجا گیا ہے۔