تقریباً دیڑھ سے دہلی میں کورنٹائن رہنے کے بعد آج پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن سے 644 جماعتی تمل ناڈو روانہ ہوگئے۔
دہلی حکومت کی ہدایت کے بعد خصوصی ٹرین کے ذریعہ تبلیغی ارکان کو ترچراپلی روانہ کیا گیا جبکہ انہیں یہاں تقریباً دیڑھ ماہ سے کورنٹائن سنٹرس میں رکھا گیا تھا۔
تبلیغی جماعت کے 644 ارکان میں سے 605 دہلی میں، بارہ نوح، آٹھ سہارنپور، دس سنبھل اور نو ارکان بلند شہر میں کورنٹائن تھے۔ ان تمام کو نوڈل آفیسر سنیل بینوال کی نگرانی میں دہلی ریلوے اسٹیشن سے تمل ناڈو کےلیے روانہ کیا گیا۔
روانگی کے وقت جمیعۃ العلما کے کارکنان اسٹیشن پر موجود تھے اور ان کی جانب سے سفر کے دوران تبلیغی ارکان کےلیے سحری، افطار کے علاوہ پانی کا انتظام کیا گیا تھا۔
قبل ان مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی سربراہی میں سبھی جماعتی ارکان کو سفری اجازت ناموں کی اجرائی، سواری اور انہیں مختلف کورنٹائن سنٹرس سے ریلوے اسٹیشن پہنچانے کےلیے بہتر انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر محکمہ پولیس کی جانب سے انتظامات کئےگئے تھے۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ تبلیغی ارکان کا تمل ناڈو کے ذمہ داران و کارکنان کی جانب سے چینئی میں استقبال کیا جائے گا۔
ناظم عمومی مولانا محمود مدنی نے تبلیغی ارکان کی روانگی پر حکومت اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
تبلیغی ارکان کی روانگی کے وقت مولانا جمال قاسمی، مولانا غیو قاسمی، مولانا عرفان قاسمی، مولانا یسین جہازی، مولانا ضیاء اللہ قاسمی، مولانا اسجد قاسمی پسونڈہ، مولانا جاوید صدیقی، قاری احرار، حاجی فرمان اور ان کی ٹیم، حاجی ناصر، مولانا رفاقت، مولانا طالب، ماسٹر آصف،عفان و دیگر ریلوے اسٹیشن پر موجود تھے۔