تفصیلات کے مطابق این سی آر میں ٹو وہیلر چوری کر کے اسے کباڑی کو فروخت کرنے والے گروہ کے تین افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ فیز 2 کوتوالی پولیس نے بدھ کے روز سیکٹر 80 ٹی سی ایس تیراہا سے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزموں کی شناخت راجیندر، علی گڑھ (یوپی)، منفید اور ساحل،گریٹر نوئیڈا ہلدوانی کے رہائشی کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے پولیس نے 7 چوری موٹرسائیکلیں، دو اسکوٹی، جعلی نمبر پلیٹ لگا چوری کا ایک ٹیمپو، بڑی تعداد میں چوری شدہ نمبر پلیٹیں اور ایک ماسٹر چابی برآمد کی ہے۔
اے سی پی -1 سنٹرل نوئیڈا آشوتوش کمار کے مطابق کوتوالی پولیس کو پچھلے کئی دنوں سے شکایات موصول ہورہی تھیں کہ دہلی-این سی آر میں دو پہیہ گاڑی چوروں کا ایک گروہ سرگرم ہے۔ بدھ کے روز مخبر کی اطلاع پر پولیس نے سیکٹر 80 کے قریب سے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمین ٹو وہیلرس گاڑیوں کی چوری کے ماہر ہیں۔گرفتار ملزمان میں ایک ساتھی پہلے گاڑی کی نگرانی کرتا ہے، پھر دوسرے چوری کرتے ہیں۔
کوتوالی انچارج انیتا چوہان نے بتایا کہ گرفتار ملزم ساحل کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے اور اسے قبل ازیں جیل بھیجا جاچکا ہے۔ ملزمان کے خلاف دہلی، گروگرام میں چوری کے کئی مقدمات درج ہیں۔ ملزمان گذشتہ دو سالوں سے چوری کی واردات کو انجام دے رہے تھے۔