دارالحکومت دہلی میں کورونا انفیکشن کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ تو وہیں ایک دن میں انفیکشن کی تعداد ڈیڑھ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ایسی صورتحال میں اسپتالوں پر کورونا مریضوں کا بوجھ بڑھنے کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر دہلی حکومت کورونا کے لئے بیڈز میں مسلسل اضافہ کررہی ہے۔
وہیں دہلی میں مزید تین نجی اسپتالوں کو کورونا کے علاج سے جوڑ دیا گیا ہے۔ 127 بستروں پر مشتمل مولچند خیراتی اسپتال، 139 بستروں پر مشتمل سروج سپر اسپیشلٹی اسپتال اور 508 بستروں پر مشتمل سر گنگا رام اسپتال بھی کورونا کا علاج کریں گے۔
ان تینوں اسپتالوں میں بالترتیب 14 ، 15 اور 51 بستروں کو ای ڈبلیو ایس کیٹیگری والے افراد کے لئے محفوظ کیا گیا ہے، جو یہاں پر مفت میں کورونا علاج کروا سکیں گے۔
واضح رہے کہ دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا کا علاج مفت ہے ، لیکن نجی اسپتالوں میں ادائیگی کرنی پڑے گی۔ ان تینوں اسپتالوں کو کورونا علاج سے جوڑنے کے بعد اب دہلی میں نجی اسپتالوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ اس وقت مرکزی حکومت کے 4 اور دہلی حکومت کے 3 اسپتالوں میں کورونا کا علاج کیا جارہا ہے۔
وہیں دہلی حکومت نے ماضی میں بھی حکم جاری کیا تھا کہ دہلی کے تمام 117 نجی اسپتالوں یا نرسنگ ہومز کو اپنے بستروں کا 20 فیصد کورونا کے لئے رکھنا ہوگا ، جس میں 50 یا اس سے زائد بستروں کی گنجائش ہے۔
تاہم اب یہ معاملہ دہلی ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔ دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان میں سے بہت سے اسپتال کورونا اسپتالوں کے لئے طے شدہ معیار پر پورا نہیں اترتے ہیں۔ عدالت نے اس معاملے میں دہلی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔