بیمیترا: چھتیس گڑھ کے بیمیترا ضلع میں آج نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کو پنے سے جھارکھنڈ لے جارہی بس ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس میں تین لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور 23 دیگر زخمی ہوگئے۔
پولیس سے ملی اطلاع کے مطابق پنے سے جھارکھنڈ جانے والے مزدوروں کی بس قومی شاہراہ پر ٹیمری کے پاس ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں تین لوگوں کی جائے قوع پر ہی موت ہوگئی ہے، جبکہ 23 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں پانچ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
دونوں گاڑیوں کی ٹکر کے بعد آس پاس کے گاؤں والے فوراً موقع پر پہنچے اور راحت کا کام شروع کرنے کے ساتھ ہی پولیس کو اطلاع دی۔ ناند گھاٹ کے تھانہ انچارج آنند کومرا نے بتایا کہ زخمی مزدوروں کو نواگڑھ اور بلاس پور علاج کے لئے بھیجا گیا ہے۔ باقی مزدوروں کو جلد ہی دوسری گاڑی سے آگے اپنی منزل کےلئے روانہ کیا جائے گا۔