ریاست چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ سکما ضلع کے تاڑ میٹلہ علاقے میں نکسلیوں نے آئی ڈی بلاسٹ کر دیا اور اس دھماکے میں سی آر پی ایف کوبرا بٹالین کے پانچ جوان بری طرح سے زخمی ہوئے۔
زخمی جوانوں میں سیکنڈ کمانڈ افسر اور اسسٹنٹ کمانڈنٹ بھی شامل ہیں اور انھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا لیکن بعد میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ کی موت واقع ہوگئی۔
کوبرا بٹالین کے جوان اس علاقے میں گشت پر تھے تب ہی تاڑمیٹلہ کے پاس نکسلیوں نے آئی ای ڈی بلاسٹ کیا۔
واضح رہے کہ سکما میں نکسلی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور وہ اس طرح کی متعدد وارداتوں کو اس سے قبل بھی انجام دے چکے ہیں۔
اس سے قبل 21 نومبر کو نکسلیوں نے دو شہریوں کو یہ کہہ کر ہلاک کردیا تھا کہ وہ پولیس کے مخبر ہیں، نکسلیوں نے عوامی عدالت لگا کر ان دونوں افراد کو سرعام موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
حالیہ دنوں میں سینیئر سلامتی کے مشیر وجئے کمار نے بستر کا دورہ کیا تھا اور 26 نومبر کو نکسل معاملے پر جگدل پور شہر کے پولیس کو آرڈینیشن سینٹر میں تقریباً ایک گھنٹے تک تمام اعلی پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔