بڈگام: جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے ہشرو چاڈورہ علاقے میں بدھ کی شام کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایک ٹی وی اداکارہ اور ایک دس سالہ کمسن لڑکے پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں شدید طورپر زخمی ہوگئے۔
تازہ تفصیلات کے مطابق ٹی وی اداکارہ نے ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔ کشمیر پولیس زون نے ٹویٹر پر جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سات بجے 55 منٹ پر عسکریت پسندوں نے ٹی وی اداکارہ امبرین بھٹ دختر خضر محمد بھٹ ساکن ہشرو چاڈورہ کو ان کے گھر پر گولی مار دی۔ اسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس حملے میں دس سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔
قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چاڈورہ کے ہشرو علاقے میں بدھ کی شام کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایک خاتون جس کی شناخت امبرین اور دس سالہ لڑکے جس کی فوری طورپر شناخت نہیں ہو سکی، پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے دونوں زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجہ کی خاطر سب ضلع ہسپتال چاڈورہ منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد دونوں کو سرینگر کے صدر ہسپتال ریفر کیا گیا۔
مزید پڑھیں:Policeman Succumb in Srinagar Attack: مشتبہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں پولیس اہلکار ہلاک
بلاک میڈیکل آفیسر چاڈورہ ڈاکٹر دلیر نے بتایا کہ خاتون کے سینے میں گولی لگی ہے جب کہ دس سالہ لڑکے کے بازو کو گولی لگی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کی حالت نازک تھی۔ تازہ اطلاعات کے مطابق خاتون نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ دریں اثنا پولیس نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کر دی ہے۔