مرکزی وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود سمرتی ایرانی کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ مرکزی وزیر نے دورے کے دوسرے دن وسطی کشمیر کے بڈگام کے کانہامہ اور ماگام علاقوں کا دورہ کیا۔ جہاں لوگوں نے اسمرتی ایرانی کا والہانہ استقبال کیا۔
دورے کے دوران سمرتی ایرانی نے کانہامہ میں مرکزی سرکار کی جانب سے بنائے گئے ہینڈ لوم ٹیورسٹ ولیج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کاریگروں اور دیگر افراد - جو ہینڈلوم پیشے سے جڑے ہیں - کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے مطالبات بھی سنے۔
ایرانی نے ماگام میں نالہ فیروزپورہ پر پل کا سنگ بنیاد رکھا اور ماگام میں اسٹیڈیم کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مقامی کھلاڑیوں سے بھی تبادلۂ خیال کیا اور فٹ بال میچ سے لطف اندوز بھی ہوئیں۔ ایرانی نے بیروہ کے ملپورہ میں سیب کی ہائی ڈینسٹی نرسری کا بھی جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں: مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کا دورۂ بڈگام
کانہامہ اور ماگام میں اسمرتی ایرانی نے کئی نمائندوں اور عوامی وفود سے بھی ملاقات کرکے ان کے مطالبات سنے۔ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا، ڈی ڈی سی چیئرمین بڈگام نذیر احمد خان کے علاوہ ایس ایس پی بڈگام اور ضلع کے کئی اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: بڈگام: دو غیر مقامی باشندوں کے تنازع میں ایک کی موت
واضح رہے کہ سمرتی ایرانی دو روزہ دورے پر ضلع بڈگام آئی ہوئی تھی اور گزشتہ روز انہوں نے ضلع صدر مقام بڈگام کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا تھا۔ وہیں سمرتی ایرانی نے گزشتہ روز قریب ساڑھے پانچ کروڑ کی لاگت سے بنائی جانے والی سڑک کا بھی سنگ بنیاد رکھا تھا۔