بچوں کی نفسیات کو بہتر بنانے کے لیے بڈگام میں اساتذہ کے لئے ایک تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام انسٹیٹیوٹ آف مینٹل اینڈ نیورو سائنسز کشمیر نے چائلڈ گائڈینس اینڈ ویلبینگ سنٹر اور ضلع انتظامیہ بڈگام کے اشتراک سے منعقد کیا۔
شیخ العالم ہال بڈگام میں منعقد ہوئے اس پروگرام میں سو کے قریب اساتذہ نے شرکت کی۔ اس دوران مقررین نے اساتذہ کے ذریعے بچوں کی نفسیات اور سماجی بہبود کو فروغ دینے کے حوالے سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی نفسیات کو بہتر بنانے میں اساتذہ کا کافی اہم رول ہوتا ہے۔ اس موقع پر اساتذہ سے کہا گیا کہ ایسے بچوں کی نشاندہی کی جائے جو کورونا وائرس یا کسی اور وجہ سے مایوس ہوئے ہوں۔ مقررین نے اساتذہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا رول ادا کرکے ایسے بچوں کی تربیت کریں اور انہیں دوبارہ ٹریک پر لائیں تاکہ ان کا مستقبل بہتر ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بڈگام: ڈی ڈی سی چیئرمین نذیر احمد خان نے اپنا عہدہ سنبھالا
اس دوران اساتذہ سے یہ بھی کہا گیا کہ جو بچہ کلاس میں کسی وجہ سے بات نہیں کرتا ہے یا سوال کا جواب دینے سے ڈرتا ہے ان کی طرف توجہ دیں اور انہیں اس قدر تیار کریں تاکہ ان کے ذہنوں میں جو ڈر بیٹھا ہے اسے دور کیا جائے
پروگرام کے منتظمین نے کہا کہ وہ آگے بھی ایسے پروگرامات کا اہتمام کریں گے تاکہ اساتزہ کر ذریعے بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔