مرکزم کے زیر انتظام جموں وکشمیر میں کورونا لاک ڈاؤن مسلسل جاری ہے اور یہاں کورونا کیسز میں کوئی کمی نہیں ہو رہی ہے۔ انتظامیہ مسلسل لوگوں سے اپیل کررہی ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر جو ہدایات جاری کیے گئے ہیں اس پر سختی سے عمل کریں۔
دوسری طرف ضلع بڈگام میں بھی کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اس کے باوجود لوگ گھروں سے باہر نکل رہے ہیں اور بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔ جس کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔
سکیورٹی فورسز نے ضلع بڈگام میں آج کرفیو کے عمل میں سختی کی، عید کے پیش نظر اگرچہ بازاروں میں ہجوم رہتا تھا لیکن اس سال بھی گزشتہ سال کی طرح بازار بند ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے ضلع میں جگہ جگہ بیریکیڈ لگائے تھے اور صرف ایمرجنسی میں ہی لوگوں کو چلنے پھرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
ساتھ ہی کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی پولیس مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔
آج بھی پولیس نے ضلع میں کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا ہے، ساتھ ہی پولیس مسلسل لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے لوگوں کو کورونا وائرس کی گائڈلائنز پر عمل کرنے کی تلقین کر رہی ہے۔ کورونا کرفیو کی وجہ سے ضلع بڈگام میں تمام تر کاروباری ادارے بند ہیں۔
واضح رہے ضلع بڈگام میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اب لوگوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس مہلک وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تاکہ خود کو محفوظ رکھنے میں مدد حاصل ہو سکے۔