بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں آج پرانے ایئر فیلڈ رنگریٹ علاقے میں ایک فوجی اہلکار نے مبینہ طور پر واش روم میں پھانسی کے پھندے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایک فوجی اہلکار نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خودکشی کرلی۔ انہوں نے فوت شدہ فوجی اہلکار کی شناخت مہیش کمار کے نام سے کی ہے، جس کو واش روم میں مردہ حالت میں پایا گیا جہاں اس کے ساتھیوں نے اسے رسی کے پھندے سے لٹکا ہوا پایا۔ ساتھی اہلکاروں نے فوری طور پر اعلی حکام کو اس واقعے کی اطلاع دی۔
یہ بھی پڑھیں: Budgam Traffic Advisory ماگام میں ماتمی جلوس کے پیش نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری
یہ واقعہ 256 ٹرانزٹ کیمپ میں پیش آیا اور مرنے والا فوجی اہلکار 34 راشٹریہ رائفلز (34RR) سے وابستہ تھا۔ پولیس نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اتوار کی شام سرینگر کے راج باغ علاقے میں ایک پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ متوفی اہلکار کی شناخت عبدالحمید ڈار ولد علی محمد ڈار ساکن الا پورہ بڈگام کے طور پر ہوئی۔ اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک فوجی اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔