بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ہمہامہ کے قریب ہفتہ کی صبح سشسترا سیما بال (ایس ایس بی) کی گاڑی نے مبینہ طور ایک اسکوٹی کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں اسکوٹی سوار ہلاک ہو گیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ 55 سالہ اسکوٹی سوار، جس کی شناخت نذیر احمد بٹ ولد محمد رمضان بٹ، ساکنہ سمربگ، بڈگام کے طور پر ہوئی ہے، آج صبح تقریباً 10:30 بجے ایس ایس بی گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ نذیر احمد کو زخمی حالت میں نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسپتال پہنچانے سے قبل ہی نذیر احمد کی موت واقع ہو چکی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا ہے اور تمام طبی اور قانونی کاروائی انجام دینے کے بعد میت کو تدفین کے لئے لواحقین کے سپرد کیا جائے گا۔ ادھر، متوفی کے آبائی علاقہ میں اسکی موت کی خبر موصول ہوتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔
مزید پڑھیں: Road Accident in Chadoora Budgam: چاڈورہ سڑک حادثے میں ایک شخص ہلاک، اہل خانہ کا قتل کا الزام
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور خستہ حال سڑکوں کے باعث ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں جن میں انسانی جانوں کا زیاں ہوتا ہے۔ ٹریفک حکام کی جانب سے اگرچہ آگاہی پروگرامز کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی انجام دی جاتی ہے تاہم اس کے باوجود ٹریفک نظام میں بہتری دیکھنے کو نہیں مل رہی۔